چیف الیکٹورل آفیسر کا سیاسی پارٹیوں کے ساتھ اجلاس

   

انتخابی ضابطہ اخلاق کا سختی سے نفاذ، جاریہ ماہ کے اختتام تک ووٹر شناختی کارڈ کی اجرائی

حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ اسمبلی انتخابات کی آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے پُرامن ماحول بنایا جائے گا۔ وکاس راج نے امیدواروں اور سیاسی پارٹیوں کی جانب سے سوشیل میڈیا سے متعلق شکایات پر ضروری کارروائی کا تیقن دیا۔ اب جبکہ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی تاریخ قریب آرہی ہے وکاس راج نے ریاستی سطح کے سیاسی نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں انتخابی ضابطہ اخلاق اور رائے دہی سے متعلق رہنمایانہ خطوط سے واقف کرایا گیا۔ قومی اور علاقائی پارٹیوں کے تقریباً 20 نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی اور مختلف مسائل پیش کئے۔ وکاس راج نے اجلاس میں بتایا کہ تلنگانہ میں جاریہ سال 5 جنوری تک 27.5 لاکھ ووٹر شناختی کارڈ پرنٹ اور رائے دہندوں کو روانہ کئے گئے باقی شناختی کارڈز کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے اور جاریہ ماہ کے اختتام تک رائے دہندوں کو ووٹر شناختی کارڈ موصول ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر سرویس پورٹل کے ذریعہ رائے دہندے راست طور پر اپنے شناختی کارڈ ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ وکاس راج نے آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی پارٹیوں سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر اور دیگر عہدیداروں کو سیاسی پارٹیوں کی شکایات پر کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فہرست رائے دہندگان میں 14.99 لاکھ تصحیح کی گئی ہے۔ انہوں نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل چیف ایگزیکیٹو آفیسر لوکیش کمار، ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد، جائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر شریمتی ستیہ وتی اور دیگر عہدیداروں نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں سیاسی پارٹیوں کی شمولیت کیلئے تاحال 2100 اجلاس منعقد کئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔