چیف جسٹس آف انڈیا کو ہنمنت راؤ کا مکتوب

   

حیدرآباد۔/14ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حیدرآباد کے پنجہ گٹہ علاقہ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کیلئے مساعی کی درخواست کی ہے۔ ہنمنت راؤ نے دو سال قبل پولیس کی جانب سے مجسمہ کو تحویل میں لینے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں دلتوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے چیف جسٹس کو مداخلت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے دلت اور دیگر طبقات میں حکومت کے رویہ سے بے چینی پائی جاتی ہے۔ حکومت نے حسین ساگر کے قریب مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس جانب کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 13 اپریل 2019 کو مجسمہ نصب کرنے کی کوشش پر پولیس نے گرفتاریاں عمل میں لائیں اور مقدمات درج کئے۔ انہوں نے کہا کہ 5 لاکھ کے خرچ سے انہوں نے املا پورم سے نیا مجسمہ حاصل کیا لیکن پولیس نے مجسمہ کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے چیف جسٹس آف انڈیا سے اپیل کی کہ فوری مداخلت کرتے ہوئے تنصیب کو یقینی بنائیں۔R