چیف جسٹس تلنگانہ ہائیکورٹ کا ریمارک، غذا کی سربراہی پر حکومت سے رپورٹ طلب

   

حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائیکورٹ اپریش کمار سنگھ نے کہاکہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی جانب سے اپنی پلیٹس حتیٰ کہ ٹائلیٹس کی صفائی میں کوئی شرم کی بات نہیں ہے۔ اُنھوں نے اپنے اسکول کے زمانہ میں صفائی کے کاموں کی انجام دہی کی یاد تازہ کی۔ چیف جسٹس سرکاری اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس میں وقفہ وقفہ سے سمیت غذا کے واقعات پر دائر کی گئی مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کررہے تھے۔ چیف جسٹس نے اسکولوں میں صحت و صفائی کے انتظامات اور صحت بخش غذا کی سربراہی کے سلسلہ میں حکومت سے وضاحت طلب کی۔ جسٹس اپریش کمار سنگھ نے کہاکہ سرکاری تعلیمی اداروں بشمول ہاسٹلس میں طلبہ کی جانب سے اپنے پلیٹس حتیٰ کہ ٹائلیٹ کی صفائی میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ میں نے خود بھی زمانہ طالب علمی میں یہ کام کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ وہ اسکول میں غذا کی تقسیم اور پلیٹس کی صفائی کے علاوہ ٹائلیٹس اور کمروں کی صفائی کا کام انجام دے چکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ طلبہ میں یہ احساس پیدا کیا جائے کہ اِس طرح کے کاموں کی انجام دہی پر اُنھیں فخر ہونا چاہئے۔ چیف جسٹس نے ہاسٹلس میں سربراہ کی جانے والی غذا پر حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی اور آئندہ سماعت 19 ستمبر کو مقرر کی ہے۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہاکہ ہائیکورٹ کی بارہا ہدایات کے باوجود ہاسٹلس اور اقامتی اسکولوں میں ناقص غذا کی سربراہی کا سلسلہ جاری ہے۔1