چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے پرانے شہر میں میٹرو ریل اور دیگر ترقیاتی پراجکٹس کا معائنہ کیا

   

سڑک کی توسیع کے کاموں کا جائزہ، فٹ اوور بریجس کی تعمیر کا کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔ 4 مئی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے آج پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے اہم انفراسٹرکچر پراجکٹس کے کاموں کا جائزہ لیا۔ شہری ترقی کے سلسلہ میں حکومت نے شہر میں کئی پراجکٹس کا آغاز کیا ہے جو تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پراجکٹس کی مقررہ منصوبہ کے مطابق تکمیل ہو۔ شہری علاقوں میں انفراسٹرکچر کی فراہمی میں یہ پراجکٹس مددگار ثابت ہوں گے۔ چیف سکریٹری نے بنجارہ ہلز میں زیر تعمیر فٹ اوور بریج کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنے دورہ کا آغاز کیا۔ یہ پراجکٹ تکمیل کے اختتامی مرحلہ میں ہے۔ سکریٹری بلدی نظم و نسق ایلم برتی نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں 42 فٹ اوور بریجس کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے اور یہ عوام کے لئے سہولت بخش ثابت ہوئے ہیں۔ شہر کے دیگر علاقوں میں فٹ اوور بریجس کی تعمیر کے لئے سروے کا کام جاری ہے۔ پیدل راہ گیروں کی حفاظت اور ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بنانے کے لئے شہری علاقوں میں فٹ اوور بریجس کی تعمیر سے مدد ملے گی۔ چیف سکریٹری نے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا چندرائن گٹہ میٹرو ریل پراجکٹ کے توسیعی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس پراجکٹ پر 2741 کروڑ کے مصارف کا تخمینہ ہے۔ مینیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ سڑکوں کی توسیع کے لئے اراضی کے حصول کا کام تیزی سے جاری ہے اور جن جائیدادوں کو حاصل کیا گیا انہیں منہدم کیا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے حسینی علم کے علاقہ میں واقع تاریخی خورشید جاہ دیوڑھی کی تزئین نو اور مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موسیٰ رام باغ میں زیر تعمیر فلائی اوور، فلک نما روڈ اوور بریج اور عنبر پیٹ میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ کیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کاموں کے تکمیل کے سلسلہ میں معیار کی برقراری کو یقینی بنائیں اور مقررہ مدت میں ترقیاتی کام مکمل کئے جائیں۔ چیف سکریٹری کے ہمراہ کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، کمشنر ایچ ایم ڈی اے سرفراز احمد اور مینیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ اشوک ریڈی موجود تھے۔ چیف سکریٹری نے پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کے منصوبہ پر عمل آوری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کئی عمارتوں کا مشاہدہ کیا جنہیں حکام نے منہدم کردیا ہے۔ چیف سکریٹری نے انہدامی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا۔ بلدی نظم و نسق اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کئی عہدیدار دورہ میں شامل تھے۔ 1