چیف سکریٹری سومیش کمار پر 10 ہزار روپئے کا جرمانہ

   

آئندہ سماعت کے وقت شخصی طور پر حاضر ہونے ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے چیف سکریٹری سومیش کمار پر 10 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت کے موقع پر شخصی طور پر حاضری کی ہدایت دی ہے۔ چار ماہ تک چیف سکریٹری کی جانب سے جوابی حلفنامہ داخل نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ آبپاشی پراجکٹس کیلئے 2016 میں جاری کردہ جی او 123 کو چیلنج کرتے ہوئے بعض درخواستیں داخل کی گئیں۔ عدالت نے محکمہ مال کے پرنسپل سکریٹری کو جوابی حلف نامہ داخل کرنے کیلئے مسلسل چار ماہ تک ہدایت دی ۔ عدالت نے کہا تھا کہ شخصی طور پر حاضری کے ذریعہ یا پھر جوابی حلفنامہ داخل کیا جائے لیکن چیف سکریٹری کو گزشتہ ماہ ہدایت کے باوجود کاونٹر داخل نہیں کیا گیا۔ ہائی کورٹ میں آج اس معاملہ کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریونیو ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کاونٹر کے عدم ادخال اور کم از کم شخصی حاضری سے استثنیٰ کیلئے درخواست داخل نہ کئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے چیف سکریٹری پر 10 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا اور کہا کہ یہ رقم پرائم منسٹر کوویڈ ریلیف فنڈ میں جمع کی جائے۔ چیف سکریٹری کو 24 جنوری سماعت کے موقع پر شخصی طور پر حاضر رہنے کی ہدایت دی گئی۔ر