چیف سکریٹری شانتی کماری نے خاتون صحافیوں کے میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا

   

حیدرآباد۔/29 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے سماچار بھون میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی مسلمہ خاتون صحافیوں کیلئے ہیلت کیمپ کا افتتاح کیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار، سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، کمشنر ہیلت شویتا موہنتی اور ڈائرکٹر اطلاعات و تعلقات عامہ راج مولی اس موقع پر موجود تھے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر خاتون صحافیوں کو مفت ہیلت چیک اپ کیمپس کے انعقاد کے ذریعہ بہتر صحت کو یقینی بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کی ہدایت پر ہیلت چیک اپ کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون مسلمہ صحافی اس کیمپ سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ چیف سکریٹری نے بڑی تعداد میں خاتون صحافیوں کی موجودگی پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں نوزائدہ بچوں اور خواتین کی اموات کے واقعات کافی کم ہیں۔ حکومت کے اقدامات اور بہتر علاج کی سہولتوں کے ذریعہ حاملہ خواتین اور نوزائدہ بچوں کی بہتر صحت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ عوام کی بینائی کی حفاظت کیلئے آنکھوں کی روشنی پروگرام شروع کیا گیا جس کے تحت پہلے مرحلہ میں 1.5کروڑ افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور 45 لاکھ افراد میں مفت عینکیں تقسیم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں 1.7 کروڑ افراد کی آنکھوں کے معائنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون صحافیوں کیلئے آئندہ دس دنوں میں میڈیکل کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ تمام اضلاع میں میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا منصوبہ ہے۔ معائنوں کے تحت بلڈ ٹسٹ، بلڈ شوگر، ذیابیطس، لپیڈ پروفائیل، تھائرائیڈ، کیلثیم، یورین ٹسٹ، ای سی جی، ایکسرے اور دیگر ٹسٹ شامل ہیں۔ رپورٹس کے نتائج اسی دن جاری کئے جارہے ہیں۔ر