چیف سکریٹری نے نیلوفر ہاسپٹل میں علاج کی سہولتوںکا جائزہ لیا تیسری لہر سے نمٹنے حکومت تیار

   

حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ نیلوفر اور ایم این جے کینسر ہاسپٹل کا دورہ کرکے علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ کورونا کی امکانی تیسری لہر میں بچوں کے متاثر ہونے کے اندیشوں پر چیف سکریٹری نے نیلوفر ہاسپٹل میں بچوں کے علاج کی سہولتوں اور خاص طور پر پیڈیاٹرک آئی سی یو وارڈ کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کینسر ہاسپٹل میں وارڈس کا معائنہ کیا۔دونوں دواخانوں میں چیف سکریٹری نے ڈاکٹرس و بچوں کے سرپرستوں سے بات کی اور تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے مختلف حصوں کا معائنہ کرکے انفرا اسٹرکچر و دیگر سہولتوں اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کسی بھی نئی وباء سے نمٹنے تمام تر اقدامات کررہی ہے۔ دواخانوں میں بستروں میں اضافہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ درکار میڈیکل آلات، ادویات اور عملے کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ جہاں کہیں بھی بچوں کا علاج جاری ہے ان میں سہولتوں پر خصوصی توجہ ہے۔ دواخانہ میں پیڈیاٹرک انفرااسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دواخانہ کے احاطہ میں تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کریں۔ اس موقع پر سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔