حیدرآباد۔ یکم اپریل ( سیاست نیوز ) چیف جسٹس ستیش چندرا شرما اور جسٹس ابھینند کمار شوالی پر مشتمل تلنگانہ ہائیکورٹ کی ایک دو رکنی بنچ نے آج چیف سکریٹری تلنگانہ کو 6 جون کو عدالت میں طلب کیا ہے ۔ انہیںعداتل میں حاضر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ بنچ نے قبائلی کارکن ایس ویریا کی مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف سکریٹری کو عدالت میںطلب کیا ہے ۔ درخواست گذارنے بھدرا چلم میں گرام پنچایت انتخابات کے انعقاد کیلئے حکام کی لاپرواہی کو چیلنج کیا ہے ۔ درخواست گذار کا کہنا ہے کہ حکام کی لاپرواہی کے نتیجہ میں بھدراچلم کے عوام خود حکمرانی کے حقوق سے محروم ہو رہے ہیں۔ یہ استدلال بھی پیش کیا گیا کہ تلنگانہ میونسپلٹیز ایکٹ کا شیڈولڈ علاقوں پر اطلاق دستور کی خلاف ورزی ہے ۔ عدالت کی بنچ نے اس تاثر کا اظہار کیا کہ حکام اس کیس پر دو سال سے خواب غفلت کا شکار ہیں۔ انہوں نے عدالت میںاپنا جواب بھی داخل نہیںکیا ہے ۔ اس صورتحال میں بنچ نے چیف سکریٹری کو شخصی طور پر حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی ہے ۔