کاماریڈی:3؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کل کاماریڈی ضلع کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ دورہ حالیہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے معائنہ کریں گے جس کے دوران وہ نقصانات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ضلعی عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد کریں گے۔سرکاری شیڈول کے مطابق چیف منسٹر کل صبح حیدرآباد سے 11 بچے ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ ہوں گے اور یلا ریڈی اسمبلی حلقے کے لنگم پیٹ منڈل کے موتھے گاؤں پہنچیں گے۔ وہاں وہ لنگم پلی کردو پل کی تباہ شدہ حالت کا معائنہ کریں گے۔ اس کے بعد یہ بگو گڈیسہ میں کھڑی فصلوں کے نقصان اور یلا ریڈی اسمبلی حلقے کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ 2 بجے کاماریڈی میونسپلٹی میں متاثرہ سڑکوں اور جی آر کالونی کا معائنہ کریں گے اور عوام سے ملاقات کریں گے بعد ازاں چیف منسٹر ضلع کلکٹر کاماریڈی میں ایک جائزہ اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں وہ افسران سے نقصانات کی تفصیلات حاصل کریں گے اور ریلیف اقدامات پر ہدایات دیں گے۔ اس موقع پر ایک تصویری نمائش کا مشاہدہ کریں گے دورے کے بعد 4 بجے چیف منسٹر شام کو ہی حیدرآباد واپس لوٹیں گے۔سیکیورٹی کے حوالے سے اطلاع ہے کہ چیف منسٹر کو زیڈ پلس زمرے کی سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جس کے لیے پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ تمام مقامات پر چیکنگ اور رسائی پر مکمل کنٹرول یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی سیلاب کے موقع پر کاماریڈی کا دورہ کرنا چاہتے تھے اور یہ کاماریڈی پہنچ بھی گئے تھے لیکن موسم کی خرابی کے باعث ان کا ہیلی کیپٹر کاماریڈی میں اتر نہیں سکا جس کی وجہ سے واپس چلے گئے تھے چیف منسٹر کی آمد کی بڑے پیمانے پر تیاریاں انجام دی جا رہی ہے اور سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
رکن اسمبلی محبوب نگرکے ہاتھوں سی ایم ریلیف فنڈ کی تقسیم
محبوب نگر۔3ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)محبوب نگررکن اسمبلی ینم سرینواس ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کو صحت مندتلنگانہ کے طورپر تیارکیاجائے گا۔ انہوںنے کیمپ آفس میں محبوب نگراربن منڈل کے 79مستحقین میں38لاکھ روپئے کے سی ایم آر ایف چیکس تقسیم کیے ۔ بعدازاں ایم ایل اے نے کہا کہ اگرچہ پچھلی حکومت نے معیشت کوتکڑے تکڑے کردیاتھا‘چیف منسٹرریونت ریڈی اور ریاستی ڈپٹی چیف منسٹرملو بھٹی وکرامارکانے گزشتہ چندمہینوں میں معیشت کو پٹری پرلانے کیلئے بہت محنت کی ہے اوریہی وجہ ہے کہ غریب عوام کو فراہم کی جانے والی فلاحی اسکیموںکو ایک ایک کرکے نافذ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے مشرہ دیا کہ سب کوا پنی صحت کاخیال رکھناچاہئے ۔انہوںنے کہا کہ تمام ترمشکلات کے باوجودکانگریس حکومت غریب عوام کی فلاح و بہبود کے باوجود کانگریس حکومت غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے ۔موڈا چیئرمین لکشمن یادو‘ کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین ونودکمار‘ڈی سی سی جنرل سکریٹری سراج قادری ‘راملویادو‘ایرپلاناگراجو‘ خواجہ پاشاہ ‘ امجد’ چننا‘ محسن ‘ڈیلر راگھو‘کشن نائک ‘اکبر‘وینکٹالکشمی اوردیگرنے پروگرام میں شرکت کی ۔
مسجد دیندارخاں سنگاریڈی میں زیارت آثار مبارک وتبرکات کااہتمام
سنگاریڈی 3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمد شبیر الہاشمی کے مطابق عاشقان رسول اللہ ؐ محلہ اوپر بازار سنگاریڈی کے زیر اہتمام مسجد دیندار خان اوپربازار سنگاریڈی میں 5 سپٹمبر بروز جمعہ بعد نماز جمعہ زیر نگرانی حافظ و قاری سید عبدالقادر حسنی والحسینی قادری جعفری الجیلانی المعروف آعظم پاشاہ قادری صاحب حیدرآباد زیارت آثار مبارک ؐ و مقدس تبرکات کروائی جائے گی۔ بعد نماز جمعہ مردانہ کے لیے اور بعد نماز عصر خواتین کے لیے زیارت کروائی جائیگی۔ آثار مبارک و تبرکات مقدسہ میں غلاف خانہ کعبہ کا حصہ، رسول اللہ ؐ کے گیسوئے مبارک، آبروئے مبارک، موئے مبارک اور ریشہ مبارک۔مولائے کائنات حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ کے موئے مبارک، جگر گوشہ رسول اللہ ؐ سرکار امام حسن رضی اللہ عنہ کے موئے مبارک، شہید آعظم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے گیسوئے مبارک و موئے مبارک، غوث الثقلین غوث اعظم دستگیر حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کے گیسوئے مبارک، سلطان ہند شہنشاہ ہند سرکار حضرت سیدنا خواجہ معین الدین چشتی غریب نواز رضی اللہ عنہ کے موئے مبارک ودیگرشامل ہیں۔ بعد نماز جمعہ طعام عام کا بھی نظم ہے۔