کے سی آر کو مباحث کیلئے تیار کریں، رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 10۔ جولائی (سیاست نیوز) بھونگیر کے کانگریس رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ہریش راؤ اور کے ٹی آر تلنگانہ جذبہ کو دوبارہ بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ بی آر ایس کو سیاسی فائدہ حاصل ہو۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے کہا کہ عوام اور کانگریس کارکنوں کو اس سلسلہ میں چوکس رہنا چاہئے تاکہ آندھرا اور تلنگانہ کے جذبہ کو دوبارہ ہوا دینے کی کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے وقت بجٹ مستحکم تھا لیکن دس برسوں میں کے سی آر حکومت نے 8 لاکھ کروڑ سے زائد کا قرض حاصل کرتے ہوئے ریاست کے مالیاتی موقف کو کمزور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت قرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ فلاحی اسکیمات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں جائیدادوں پر تقررات کے نوٹیفکیشن جاری کئے گئے لیکن تقررات عمل میں نہیں آئے جبکہ کانگریس حکومت نے ایک سال میں 60 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ آندھراپردیش کی جانب سے بنکا چرلا پراجکٹ کی تعمیر کی صورت میں تلنگانہ کے آبی مفادات کو نقصان ہوگا۔ حکومت نے بنکا چرلا پراجکٹ کو روکنے کیلئے قانونی جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ کے ٹی آر کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مباحث کے چیلنج پر کرن کمار ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر محض ایک رکن اسمبلی ہیں اور وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے مقام کو نہیں پہنچ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو چاہئے کہ وہ مباحث کے لئے اپنے والد کے سی آر کو تیار کریں۔ تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کے سی آر نے کرشنا اور گوداوری میں تلنگانہ کے آبی مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد کرشنا ندی میں 280 ٹی ایم سی پانی کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کے باوجود تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آبی ضرورتوں کی تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹ کی تکمیل پر حکومت نے 6000 کروڑ خرچ کئے ہیں ۔ کرن کمار ریڈی نے کے ٹی آر کو مشورہ دیا کہ وہ چیف منسٹر سے مباحث کیلئے پہلے اپنے والد سے قائد اپوزیشن کا عہدہ حاصل کریں۔1
اسکارپیو گاڑی ٹریکٹر سے ٹکرا گئی ۔تین افرادجاں بحق
حیدرآباد10جولائی (یو این آئی) اے پی کے کرنول میں سڑک حادثہ میں تین افرادجاں بحق ہوگیے جبکہ 8زخمی ہوگیے ۔ زخمیوں میں دوکی حالت تشویشناک ہے ۔یہ حادثہ کالوا بُگا کاشی ریڈی نائینا آشرم کے قریب اُس وقت پیش آیا جب اسکارپیو گاڑی ٹریکٹر سے ٹکرا گئی۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ دوافرادموقع پر ہی جاں بحق ہوگیے ۔ یہ حادثہ صبح تقریباً پانچ بجے پیش آیا۔گاڑی میں سوارافراد حیدرآباد سے میدکور جارہے تھے ۔یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دو افراد35سالہ مُنی اور50 سالہ کمال باشا موقع پر ہی ہلاک ہوگیے ۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان میں تین سالہ شیخ نادیہ کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔