نتیش کمار لوک سبھا کے ساتھ بہار اسمبلی الیکشن کیلئے کوشاں!

   

پٹنہ / نئی دہلی : بہار میں برسر اقتدار اتحاد اور اپوزیشن کیمپ میں نشستوں کی تقسیم کا مسئلہ مختلف اسباب کے سبب تعطل کا شکار ہے۔ اس درمیان چیف منسٹر بہار نتیش کمار ہنوز کوئی زبردست انتخابی چال چلنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نتیش کمار 2020 کے اسمبلی چناؤ کے بعد 2025 میں مقررہ انتخابات کو پیشگی کرتے ہوئے آنے والے ہفتوں میں مقرر لوک سبھا چناؤ کے ساتھ منعقد کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے پیچھے چیف منسٹر کے کیا مقاصد ہیں اور وہ کیا فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، یہ واضح نہیں ۔ قابل ذکر بات ہے کہ آج منگل کو ہی چیف منسٹر نتیش کمار نے ریاستی قانون ساز کونسل کے انتخابات کیلئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ ایسی ہی صورت میں اگر وہ اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کرتے ہیں تو انہیں فوری الیکشن لڑنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ وہ ریاستی مقننہ کے ایوان بالا کے پہلے سے ہی رکن ہوں گے۔ نتیش کمار کی پارٹی جنتادل (یو) نے آر جے ڈی کا ساتھ چھوڑ کر چند ہفتے قبل ہی بی جے پی سے اتحاد میں نئی مخلوط حکومت تشکیل دی ہے۔ جے ڈی یو کے ریاست کی 40 لوک سبھا نشستوں میں سے موجودہ طور پر 16 سیٹیں ہیں۔ اس نے نشستوں کی تقسیم کی بات چیت میں 17 سیٹ الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ یہ وہی تعداد ہے جو 2019 میں اسے ملی تھی۔ جے ڈی یو نے آر جے ڈی کے ساتھ مہا گٹھ بندھن میں رہتے ہوئے بھی یہی مطالبہ کیا تھا ۔ تاہم اب مرکز میں برسر اقتدار این ڈی اے میں بی جے پی کا غلبہ ہے اور وہ بہار میں زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر الیکشن لڑنا چاہے گی۔ بہار میں این ڈی اے کی دیگر شرکاء پارٹیوں میں اوپیندر کشواہا کا ہندوستان عوام مورچہ ، جیتن رام مانجھی کا راشٹریہ لوک جنتا دل اور لوک جن شکتی پارٹی کے دو گروپ بھی شامل ہیں۔ ان چھوٹی چھوٹی پارٹیوں کو بھی سیٹیں الاٹ کرنا ہوگا۔ ایسی صورت میں جے ڈی یو کے کھاتے میں شائد 17 نشستیں نہیں آئیں گی ۔ فی الحال واضح نہیں کہ نتیش کمار کس مخصوص وجہ کے سبب بہار اسمبلی اور لوک سبھا کے بیک وقت انتخابات کیلئے کوشاں ہیں؟

چیف منسٹرنتیش کمار نے قانون ساز کونسل کے انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے منگل کو قانون ساز کونسل کے انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔نتیش نے اسمبلی سکریٹری کے چیمبر میں قانون ساز کونسل کے انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ وہ 2005 میں وزیر اعلیٰ بننے کے بعد گزشتہ تین بارسے مسلسل قانون ساز کونسل کے رکن منتخب ہوتے رہے ہیں۔ اس موقع پر دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا کے علاوہ ہندوستانی عوام مورچہ (ایچ اے ایم) کے سرپرست جیتن رام مانجھی، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سابق قومی صدر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، نتیش کابینہ کے ارکان، ایم ایل اے ، سابق وزراء کے علاوہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) کے کئی لیڈر موجود تھے ۔