چیف منسٹرکا خواب چھوڑ کر سنگل ڈجیٹ کی فکر کریں

   

امیت شاہ کی تقریر پر وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ کا تبصرہ
حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں اقتدار کا بی جے پی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ چیف منسٹر کا عہدہ تو دور کی بات ہے بی جے پی تلنگانہ میں سنگل ڈیجیٹ نشستیں حاصل کرنا بھی مشکل ہوگا۔ کھمم میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا نہیں بلکہ صفایا بی جے پی کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے فرزند کو کرکٹ بیاٹ پکڑنا بھی نہیں آتا لیکن انہیں بی سی سی آئی میں اہم عہدہ پر فائز کردیا گیا۔ اپنے فرزند کو اہم مقام پر فائز کرنے والے امیت شاہ کو تلنگانہ میں خاندانی حکمرانی کا الزام عائد کرنے کا حق نہیں پہنچتا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مخالف کسان بل کے ذریعہ کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے احتجاج کے بعد حکومت کو قوانین سے دستبرداری اختیار کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ 2G ، 3G اور 4G نہیں بلکہ مرکز میں بی جے پی کی ڈکٹیٹر شپ حکومت قائم ہے۔ آنے والے انتخابات میں بی جے پی قائدین سابق قائدین بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں سنگل ڈیجیٹ نشستیں حاصل ہونا بھی آسان نہیں ہے۔ امیت شاہ کو حکومت کا خواب دیکھنے کے بجائے سنگل ڈیجیٹ کی فکر کرنی چاہیئے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ امیت شاہ کی تقریر الزامات پر مبنی رہی اور انہوں نے مقامی قائدین کی جانب سے لکھی گئی اسکرپٹ کو پڑھ دیا۔