چیف منسٹرکے سی آر کی رانچی میں شیبو سورین سے ملاقات

   

گلوان جھڑپ کے دو شہیدوں کے خاندانوں کو امداد حوالے، مجاہد آزادی برسا منڈا کو خراج عقیدت
حیدرآباد۔4۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے 2020 ء میں گلوان وادی میں چینی افواج کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے ہندوستانی جوانوں کے پسماندگان کے لئے مالی امداد حوالے کی۔ کے سی آر آج جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی پہنچے اور چیف منسٹر ہیمنت سورین کی جانب سے ترتیب دیئے گئے ظہرانہ میں شرکت کی ۔ ہیمنت سورین کے ہمراہ کیمپ آفس میں کے سی آر نے گلوان وادی کے دو شہیدوں کے پسماندگان کو فی کس 10 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ شہیدوں کے افراد خاندان میں چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر جو گزشتہ چند دن سے نئی دہلی میں مقیم تھے، خصوصی طیارہ سے رانچی پہنچے، ان ہمراہ اہلیہ شوبھا ، دختر کویتا ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ ، رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار ، نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار ، چیف سکریٹری سومیش کمار اور ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹری شراون کمار ریڈی موجود تھے۔ رانچی پہنچنے پر کے سی آر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چیف منسٹر نے رانچی میں مجاہد آزادی اور انقلابی شخصیت برسا منڈا کے مجسمہ پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج پیش کیا۔ سرکاری قیامگاہ پر ہیمنت سورین نے کے سی آر اور ان کے وفد کا استقبال کیا ۔ گلوان وادی میں شہید ہونے والے کرنل سنتوش کے پسماندگان کو حکومت کی جانب سے پہلے ہی امداد دی جاچکی ہے۔ کے سی آر نے 19 شہید جوانوں کے پسماندگان کے لئے فی کس 10 لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا تھا۔ پانچ ریاستوں کے انتخابات اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب وہ شہید جوانوں کے خاندانوں سے ملاقات کے لئے رانچی نہیں آسکے۔ واضح رہے کہ گلوان وادی میں چینی افواج سے جھڑپ میں 15 جون 2020 ء کو 20 ہندوستانی سپاہی شہید ہوئے تھے۔ ہیمنت سورین کے ساتھ لنچ کے بعد کے سی آر نے ان کے والد شیبو سورین سے ملاقات کی۔ دونوں قائدین سے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گلوان وادی میں ہندوستانی جوانوں کی شہادت کے بعد کے سی آر ملک کے واحد چیف منسٹر ہیں جنہوں نے پسماندگان کیلئے فی کس 10 لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا۔ شہیدوں میں جھارکھنڈ کے دو جوان شامل تھے جن کے خاندانوں کو آج امداد حوالے کی گئی۔ ر