لکھنو : اترپردیش پولیس نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے نوجوان گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے کانپور کے بابو پوروا علاقے سے امین نامی نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے 112 پر میسج کرکے چیف منسٹر یوگی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد لکھنؤ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ملزم پکڑا گیا تو دھمکی کے پیچھے الگ کہانی سامنے آگئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کانپور پولیس کے جوائنٹ کمشنر آنند پرکاش تیواری نے کہا کہ جس فون سے دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا تھا اس کے مالک کو پکڑ لیا گیا ہے۔ تاہم، موبائل کے مالک نے بتایا کہ اس کا موبائل 2 دن پہلے گم ہوگیا تھا۔ جب پولیس نے مزید تفتیش کی تو ان کی کڑیاں آمین سے مل گئیں۔جب امین پکڑا گیا تو اس نے بتایا کہ دو روز قبل اس نے اپنی گرل فرینڈ کے والد کا موبائل چوری کیا تھا اور پھر اسی موبائل فون سے پولیس کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے تھے۔