چیف منسٹر ،تلنگانہ کے شہیدوں کی قربانیوں کو بھول چکے ہیں

   

نارائن پیٹ میں وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی پدیاترا کا 123 واں دن ۔ وائی ایس شرمیلا کا خطاب

نارائن پیٹ : YSR تلنگانہ پارٹی کی سربراہ شریمتی وائی۔ ایس۔ شرمیلا نے پرجا پرستھانم پد یاترا کے 123 ویں دن آج یوم ِ آزادی کے موقع پر نارائن پیٹ ضلع مستقر کا دورہ کرتے ہوئے نرسی ریڈی چوراہا پر عوام سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تلنگانہ حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کے سی آر آمرانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کو پس پشت ڈالے ہوئے ہیں اور انتخابات سے قبل اپنے کئے ہوئے وعدوں کو یکسر فراموش کرچکے ہیں یہی نہیں بلکہ تلنگانہ جدوجہد میں اپنی قربانیاں پیش کرنے والوں کو بھی وہ بھول چکے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ حضور نگر علاقہ کے جہد کار ناگاراجو، 2011 میں ریل ہڑتال کے دوران اپنی دونوں ٹانگیں اور بازو کھو بیٹھے تھے۔ انہیں تلنگانہ کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر کی حکومت نے 5 ایکڑ اراضی اور 70 لاکھ کی مالی امداد دینے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن یہ وعدہ آج تک وفا نہ ہوسکا جس کی بنا پر اس نوجوان نے دو دن پہلے پرگتی بھون میں خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، وائی ایس شرمیلا، جنہوں نے اخبار میں یہ واقعہ دیکھا، ناگاراجو کو فون کیا اور نارائن پیٹ کے اس پروگرام میں ناگاراجو کے خاندان کو 4 لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا اور اس بات کا تیقن دیا کہ وہ ناگا راجو کے خاندان کو ہر طرح کی مدد کریں گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کے سی آر کے اقلیتوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو فراموش کئے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے اس بات کی یاددہانی کروائی کہ آج مسلم اقلیتوں کے لئے جو 4 فیصد ریزرویشن ہے وہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کا کارنامہ ہے۔ شریمتی شرمیلا نے عوام کو اس بات کا تیقن دیا کہ اگر انہیں اقتدار میں لایا جائے تو اپنے والد آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی طرح عوامی فلاح وبہبود کی اسکیمات کو روبہ عمل لاتے ہوئے آزادی کے حقیقی ثمرات سے تمام کو مستفید ہونے کے مساوی مواقع فراہم کریں گی۔اس موقع پر نارائن پیٹ ٹاؤن میں واقع پرجا پرستانم پدایاترا میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا کرشنا وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی صدر نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی قائدین سیتہ رام ریڈی، محمد ابراہیم شادنگر، وینکٹیش ور راو، مریم بیگم کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ بعد ازاں محمد ابراہیم کی قیادت میں نارائن پیٹ کے کچھ افراد نے وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی میں شمولیت اختیار کی جسکو محترمہ شرمیلا نے پارٹی کھنڈوا پہنایا۔