چیف منسٹر ، سیکولرازم کے حقیقی چمپئن

   

سیاہ قوانین کیخلاف قرارداد کی منظوری پر محمد سلیم صدر نشین وقف بورڈ کا بیان
حیدرآباد ۔16 مارچ ( سیاست نیوز) صدرنشین ریاستی وقف بورڈ محمد سلیم نے چیف منسٹر کے سی آر کو سیکولرازم کا حقیقی چمپئن اور دستور کا محافظ قرار دیتے ہوئے اسمبلی اور کونسل میں سیاہ قوانین کے خلاف قرارداد منظور کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ریاست کے تمام اقلیتوں کی جانب سے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ ہر شعبہ میں ناکام ہونے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہونے کے بعد ملک کے معاشی بحران سے عوام کی توجہ ہٹانے اور ہندو توا ایجنڈے کو فروغ دینے کیلئے مودی ۔ شاہ نے خفیہ ایجنڈے پر عمل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے ناپاک ارادوں کو چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ میں ناکام بنایا ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ ریاست کے کئی اسکیمات کی مرکز اور ملک کے دوسری ریاستیں تقلید کررہی ہیں ۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے اقتدار میں آنے کے بعد سماجی انصاف ہورہا ہے ۔ حکومت تمام ترقیاتی کاموں میں اقلیتوں کو حصہ دار بنارہی ہیں ، متحدہ آندھراپردیش میں اقلیتوں کے ساتھ ہر شعبہ میں ناانصافی ہوئی ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پانے اور ٹی آر ایس حکومت اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف اقلیتی بجٹ میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ہر سال اس میں بتدریج اضافہ ہونے کے ساتھ مکمل اقلیتی بجٹ خرچ ہورہا ہے ۔ محمد سلیم نے چیف منسٹر کے سی آر کو ایک ویژن رکھنے والی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں جہاں اقلیتوں کے حوصلے بلند ہیں وہیں فرقہ پرستوں کے حوصلے پست ہوئے ہیں ۔ شہریت ترمیمی قانون کو مذہب سے جوڑنے کی ٹی آر ایس مکمل طور پر خلاف ہے ۔ کوئی بھی قانون مذہب کی بنیاد پر نہیںہونا چاہیئے ۔ دستور نے تمام شہریوں کو مساوی حقوق دیئے ہے ۔ ہندو توا ایجنڈے پر عمل کرنے کی خاطر مرکزی بی جے پی حکومت سی اے اے قانون میں مسلمانوں کو شامل نہیں کیاہے جو قابل اعتراض ہے ۔ ان سیاہ قوانین سے ملک کے عوام میں بے چینی کی کیفیت پیدا ہوئی ہے ۔ سارے ملک میں احتجاج ہورہے ہیں جس وقت امریکہ کے صدر دہلی میں تھے اُس وقت دہلی میں فساد ہوا اور 50سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں ۔ چیف منسٹر نے اسمبلی میں قرارداد پیش کرتے ہوئے جو تقریر کی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ ذمہ دار مرکزی وزراء کی جانب سے جو اشتعال انگیز تقاریر کی گئی ہے اس کی بھی چیف منسٹر نے مذمت کی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سیکولرازم اور فرقہ پرستی کے درمیان ایک آئینی دیوار بنے ہوئے ہیں ، محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر نے آج ایک بار پھر ثبوت دیا ہے کہ وہ اقلیتوں کے حقیقی ہمدرد ہیں اور اقلیتوں کے خلاف کی جانے والی ہر قانون سازی کی وہ مخالفت کریں گے ۔ دونوں ایوانوں میں چیف منسٹر کی جانب سے تاریخی فیصلہ کرنے پر وہ تلنگانہ کے تمام اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی جانب سے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔