کانگریس برسراقتدار آنے پر عوام سے کئی وعدے ، انتخابی ریالی سے خطاب
نئی دہلی۔ 5 اپریل (یواین آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہول گاندھی نے اتوار کو آسام کے چیف منسٹر ہیمنت بسوا سرما پر اسمبلی انتخابات کے دوران تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے جیل جانے کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے ۔ راہول نے آسام کے وشواناتھ اسمبلی حلقے میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سرما نہ صرف سب سے زیادہ بدعنوان بلکہ سب سے زیادہ فرقہ پرست چیف منسٹر ہیں جو مسلسل نفرت پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور آسام کے عوام انہیں قانون کے مطابق سزا دلائیں گے ۔ راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آسام کی حکومت دہلی سے چلائی جا رہی ہے اور ریاست کو “اے ٹی ایم” کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بڑے صنعتکاروں جیسے مکیش امبانی، گوتم اڈانی اور بابا رام دیو کو زمینیں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بی جے پی حکومت کے وعدوں، جیسے سستا گیس سلنڈر فراہم کرنے اور چائے باغات کے مزدوروں کی اُجرت بڑھانے کے وعدے کو ادھورا بتایا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس حکومت بننے پر خواتین کو مالی امداد فراہم کی جائے گی، مزدوری 450 روپے مقرر کی جائے گی، پنشن میں اضافہ ہوگا، زمین کے پٹے دیئے جائیں گے اور 25 لاکھ روپے تک صحت بیمہ فراہم کیا جائے گا۔ راہول گاندھی نے گولا گھاٹ اسمبلی حلقہ میں بھی خطاب کیا۔