چیف منسٹر آسام کو برطرف کرنے بھٹی وکرامارکا کا مطالبہ

   

راہول گاندھی کے خلاف غیر مہذب بیان ناقابل قبول
حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے چیف منسٹر آسام کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا جنہوں نے کانگریس قائد راہول گاندھی کے خلاف انتہائی نازیبا ریمارکس کئے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ چیف منسٹر آسام کے بیان پر وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی قومی صدر جے پی نڈا کی خاموشی معنیٰ خیز ہے۔ چیف منسٹر آسام نے اخلاق و تہذیب کی تمام حدود کو پھلانگتے ہوئے ایک قومی قائد کے خلاف غیر مہذب انداز میں بیان دیتے ہوئے اپنے کلچر کا ثبوت دیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ مودی اور بی جے پی اعلیٰ قیادت کو ہندوستانی عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس بیان سے یہ ثابت ہوگیا کہ بی جے پی کا کلچر مخالفین کی توہین کرنا ہے۔ ملک میں ایسی پارٹی کی حکومت شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیمنت بشویشور کو عہدہ سے فوری برطرف کرتے ہوئے بی جے پی قیادت کو اپنی سنجیدگی ظاہر کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آسام کے بیان نے ہندوستانی عوام کا سر شرم سے جھکادیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ نریندر مودی اور دیگر قائدین نے آج تک بھی اپنی خاموشی نہیں توڑی ہے۔ بی جے پی کو ایسے بیانات کا خمیازہ قومی سطح پر بھگتنا پڑے گا۔ر