حیدرآباد۔/12 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ میں چیف منسٹر کے چیمبر کی منزل کی چھت کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا جس کے نتیجہ میں عہدیداروں نے چوکسی اختیار کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ چھت میں پی او پی کا ایک حصہ اچانک گرپڑا تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔ سکریٹریٹ کی پانچویں منزل پر چیف منسٹرکا چیمبر موجود ہے اور اسی منزل پر مین انٹرنس کے قریب چھت سے پی او پی کا ایک حصہ گرپڑا۔ عہدیدار اور سیکوریٹی عملہ نے فوری حرکت میں آتے ہوئے چھت کے باقی پی او پی حصہ کی جانچ کی تاکہ اس کی مضبوطی کا پتہ چلایا جاسکے۔ چھٹویں منزل سے ملازمین اور عہدیداروں کو تخلیہ کرایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پی او پی کا یہ حصہ عمارت کے نیچے کھڑی ایک کار پر گرا جو راما گنڈم مارکٹ کمیٹی چیرمین کی تھی، کار کو نقصان پہنچا تاہم اس وقت کار میں کوئی موجود نہیں تھا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ سکریٹریٹ کی حال ہی میں تعمیر ہوئی ہے اور مختصر عرصہ میں چھت کے پی او پی کا جھڑنا تعمیرات کے غیر معیاری و ناقص ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔ عہدیداروں نے درستگی کا کام شروع کردیا ہے۔1