چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی نے کے سی آر کی عیادت کی

   

دو سال بعد لوٹس پونڈ آمد اور ماں سے خیرسگالی ملاقات کی
حیدرآباد۔/4 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی آج ایک روزہ دورہ پر حیدرآباد پہنچے ۔ انہوں نے پہلے بنجارہ ہلز پہنچ کر بی آر ایس سربراہ کے سی آر کی عیادت کی اور لوٹس پونڈ پہنچ کر والدہ سے ملاقات کے بعد آندھراپردیش لوٹ گئے۔ خصوصی طیارے سے جگن موہن ریڈی حیدرآباد پہنچے ۔ بنجارہ ہلز پہنچ کر کے سی آر کی عیادت کی جہاں بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر و دیگر نے جگن کا خیرمقدم کیا۔ واضح رہے کہ چند دن قبل اپنے فارم ہاوز میں کے سی آر زخمی ہوگئے تھے جن کی کامیاب سرجری ہوئی تھی۔ جگن موہن ریڈی نے کے سی آر کو گلدستہ پیش کرکے ان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ دونوں میں تلنگانہ کے نتائج اور آندھرا پردیش انتخابات پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔ اس کے بعد چیف منسٹر آندھرا پردیش نے لوٹس پونڈ پہنچ کر والدہ وجیہ اماں سے خیرسگالی ملاقات کی۔ 20 منٹ تک جگن نے اپنی والدہ کے ساتھ وقت گذارا، ان دونوں میں شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت سے متعلق بات ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ اس کے بعد جگن بیگم پیٹ ایر پورٹ سے آندھرا پردیش روانہ ہوگئے۔ 2