چیف منسٹر اسٹریٹ روڈی جیسا مظاہرہ کررہے ہیں : ہریش راؤ

   

عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ، بلدی انتخابات میں گلابی پرچم ریاست بھر میں لہرائے گا
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے گلی کے غنڈوں جیسا مظاہرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر جیسے باوقار عہدے کو داغدار بنانے کا ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا ۔ آج ہریش راؤ نے اسمبلی حلقہ جات گجویل اور میدک میں پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا دو سالہ دور حکومت مایوس کن ہے ۔ عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے ۔ اس لیے حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے چیف منسٹر بلدی انتخابی مہم کے دوران قائد اپوزیشن کے سی آر کے خلاف توہین آمیز زبان کا استعمال کرتے ہوئے گلی کے غنڈوں جیسا برتاؤ کررہے ہیں ۔ حق کی آواز کو دبانے کے لیے اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے والی بی آر ایس کے قائدین کو ایس آئی ٹی کے ذریعہ نوٹسیں روانہ کرتے ہوئے ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ جس سے بی آر ایس قیادت ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی بلکہ مزید شدت کے ساتھ حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں کا پردہ فاش کرتے رہے گی ۔ انہو ںنے کہا کہ ریتو بندھو کی رقم 11 فروری سے قبل کسانوں کے بنک کھاتو ںمیں جمع نہیں کی گئی تو ریاست کے کسان حکومت کے خلاف بغاوت کریں گے اور بلدیاتی انتخابات میں حکمران کانگریس کو سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی اور وعدہ خلافی کا خمیازہ کسانوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ اگر حالات یہی رہے تو کسان شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کو وعدے یاد دلانے پر بی آر ایس قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئیے جارہے ہیں اور انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جارہا ہے ۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی نے کہا کہ کانگریس حکومت دو سال میں کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کرپائی ۔ آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ مگر مردوں سے بس ٹکٹ کی دوگنی قیمت وصول کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت ہر محاذ میں ناکام ہوچکی ہے ۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے بی آر ایس کے امیدواروں کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ۔ انہیں زبردستی کانگریس میں شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ہریش راؤ نے الیکشن میں کانگریس سے پیسے لے کر بی آر ایس کو ووٹ دینے کی عوام سے اپیل کی ۔۔ 2