چیف منسٹر اور ارکان خاندان نے کورونا ٹیکہ کیوں نہیں لیا ؟

   

بی جے پی صدر بنڈی سنجے کا سوال، طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کا مطالبہ
حیدرآباد۔ ایسے وقت جبکہ ملک میں کورونا سے بچاؤ کیلئے ٹیکہ اندازی کی مہم عروج پر ہے اور اندرون ملک تیار کردہ ویکسین کے علاوہ روس سے بھی ویکسین درآمد کی گئی ہے۔ تلنگانہ میں ٹیکہ اندازی کی مہم سست رفتاری کا شکار ہے کیونکہ حکومت کے مطابق مرکز نے درکار ویکسین کی خوراک سربراہ نہیں کی ہے۔ عوام کا کورونا سے بچاؤ ویکسین کے ذریعہ ممکن ہے یا نہیں اس بارے میں اس وقت سوال کھڑے ہوگئے جب بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے یہ انکشاف کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے افراد خاندان نے ابھی تک ویکسین حاصل نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی راما راؤ کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور صحت یاب ہونے کے باوجود انہوں نے ویکسین نہیں لی۔ حکومت کی جانب سے عوام کو ویکسین حاصل کرنے کا مشورہ لیکن خود چیف منسٹر کا ویکسین حاصل نہ کرنا عوام میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ بنڈی سنجے نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ وہ ویکسین لینے سے کیوں گریز کررہے ہیں۔ حکومت نے کے ٹی آر کی قیادت میں ویکسین کے حصول کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس نے گلوبل ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 6 لاکھ ویکسین کے خوراک کی موجودگی کے باوجود حکومت دوسری خوراک دینے سے گریز کررہی ہے۔ انہوں نے دفاعی تحقیق کے ادارہ ڈی آر ڈی او کے سائنسدانوں اور ریڈیز لیاب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کورونا کے علاج کیلئے دوائی تیار کی ہے۔