جوبلی ہلز میں پارٹی کی کامیابی اور ریاست کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال
حیدرآباد۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے قائدین نے دہلی میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی، کانگریس کے قومی قائد ملکارجن کھرگے اور قومی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی سیاسی صورتحال، جوبلی ہلز میں کانگریس کی کامیابی اور مقامی اداروں کے انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس وفد میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج میناکشی نٹراجن، تلنگانہ کانگریس کے صدر مہیش کمار گوڑ، جوبلی ہلز سے کامیاب ہونے والے کانگریس کے ایم ایل اے نوین یادو اور خیریت آباد ضلع کانگریس کے صدر روہن ریڈی بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ہم نے آج کانگریس کے تینوں اہم قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے نوین یادو اور ان کی کامیابی کے لئے کام کرنے والے کانگریس قائدین کو مبارکباد دی ہے اور ساتھ ہی مقامی اداروں کے انتخابات، جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں بھی اسی طرح خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کانگریس کو کامیاب بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ کانگریس کی تنظیم جدید بالخصوص اضلاع کانگریس کے صدور کا انتخاب کے علاوہ حکومت کی 2 سالہ کارکردگی سے پارٹی کے قائدین کو واقف کرایا گیا ہے۔ مقامی اداروں کے انتخابات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ 17 نومبر کو تلنگانہ کابینہ کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں چیف منسٹر وزراء سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد کوئی اہم فیصلہ کریں گے۔ کانگریس کے کامیاب رکن اسمبلی نوین یادو نے بھی میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ تلنگانہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی، ریاستی وزراء اور کانگریس قائدین کی انتخابی مہم سے ہی وہ کامیاب ہوئے ہیں اس لئے وہ کانگریس پارٹی قائدین کے علاوہ رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ عوام نے ان پر جو بھروسہ جتایا ہے وہ اس پر کھرے اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انتخابی شیڈول جاری ہونے سے قبل اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں تقریباً 200 کروڑ روپے کے مصارف سے تعمیری اور ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگیا ہے وہ اس میں تیزی پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ 2