۔ 20 لاکھ روپیوں کی اسکالر شپس ، 31 دسمبر ادخال درخواست کی آخری تاریخ
حیدرآباد۔یکم۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے چیف منسٹر اوورسیز اکالرشپس کی اجرائی کے سلسلہ میں درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع کردیاگیا ہے اور درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ31ڈسمبر مقرر کی گئی ہے۔محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے 20لاکھ روپئے تک کی اسکالر شپس کی اجرائی کے لئے درخواستوں کی وصولی کی جانے لگی ہے ۔ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد کے علاوہ ڈی ایم ڈبلیو او رنگاریڈی اور تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے ضلعی عہدیداروں نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے ان اقلیتی طلبہ کو جو کہ اسپرنگ اور فال 2021 کے دوران داخلہ حاصل کئے ہیں انہیں آن لائن درخواستوں کے ادخال کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد از جلد درخواستوں کے ادخال کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں کسی بھی طرح کے مسائل کی صورت میں بروقت حل کرنے کا موقع حاصل رہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اقلیتی طلبہ کے لئے چلائی جانے والی چیف منسٹر اوورسیز اسکالر شپ اسکیم میں درخواستوں کے ادخال کے معاملہ میں کوتاہی طلبہ کو 20لاکھ روپئے کی اسکالر شپ کے حصول سے محروم کرنے کا سبب بن سکتی ہے اسی لئے 31 ڈسمبر سے قبل اپنی درخواستوں کو لازمی طور پر جمع کروانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے چیف منسٹر اوورسیز اسکالر شپس کے لئے نئی درخواستوں کی وصولی کے اقدامات تو کئے جا رہے ہیں لیکن جو ضلعی عہدیدار اور ریاستی سطح کے عہدیدار طلبہ کو اس اسکالرشپ کے حصول کے لئے درخواستوں کے ادخال کا مشورہ دے رہے ہیں اور اپیل کر رہے ہیں ان عہدیداروں کی جانب سے منظورہ اسکالر شپس کی اجرائی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق مکمل خاموشی اختیار کی جار ہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ سرکاری منظوری ہے لازمی طور پر رقومات جاری کی جائیں گی لیکن جو تاخیر ہورہی ہے اس کی وجوہات بتانے سے عہدیدار قاصر ہیں جبکہ بیشتر طلبہ کو جنہیں اسکالرشپس کی منظوری کے ایس ایم ایس موصول ہوچکے ہیں انہیں تاحال رقومات منتقل نہیں کی گئی ہیں جو کہ طلبہ کے لئے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہورہا ہے اور وہ اب تک بھی رقومات کا انتظار کر رہے ہیں۔م