کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ نے بتکماں کنٹہ کے ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا
حیدرآباد ۔ 3 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 8 مئی کو حیدرآباد میں حیڈرا پولیس اسٹیشن کا افتتاح کریں گے۔ حیڈرا کمشنر اے وی رنگناتھ نے کہا کہ حیڈرا کے ہیڈ آفس بودھا بھون کے قریب ہی نیا پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ آئندہ سے تالابوں، پارکس، سرکاری اراضیات پر قبضوں کے تعلق سے عوام اور عہدیداروں کی شکایتوں کو حیڈرا پولیس اسٹیشن میں ہی قبول کیا جائے گا۔ ابھی تک مختلف پولیس اسٹیشن میں ناجائز و غیرقانونی قبضوں کے جو بھی مقدمات درج ہوئے ہیں ان سب کو حیڈرا پولیس اسٹیشن منتقل کردیا جائے گا۔ ابھی تک حیڈرا کے نئے پولیس اسٹیشن کیلئے ڈی ایس ٹی کے علاوہ دیگر عملہ کے تقررات کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ کمشنر حیڈرا رنگناتھ نے بتکماں کنٹہ کے ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد چیف منسٹر ریونت ریڈی بتکماں کنٹہ کا دورہ کریں گے۔ اس سے قبل ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ کمشنر حیڈرا نے بتکماں کنٹہ پہنچ کر ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ 7 کروڑ روپئے کے مصارف سے بتکماں کنٹہ کو ترقی دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آئندہ بتکماں تہوار تک اس کنٹہ کو تیار کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے ترقیاتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔2