چیف منسٹر اے پی جگن موہن ریڈی کا سکریٹریٹ میں حصول جائزہ

   

Ferty9 Clinic

چیف سکریٹری ایل وی سبرامنیم و دیگر عہدیداروں نے خیرمقدم کیا، تین اہم فائیلوں پر دستخط

حیدرآباد ۔ 8 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنی بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری کے بعد آج پہلی مرتبہ ریاستی سکریٹریٹ پہنچ کر اپنے چیمبر میں داخل ہوئے اور اپنی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کیا۔ وہ آج 8:30 بجے سکریٹریٹ پہنچ کر اپنے چیمبر میں داخل ہوئے۔ ان کی سکریٹریٹ آمد پر ملازمین سکریٹریٹ و عہدیداران نے ان کا شاندار استقبال کیا جبکہ سکریٹریٹ کے فرسٹ بلاک میں چیف منسٹر کا چیمبر تیار کیا گیا۔ جگن موہن ریڈی کے اپنے چیمبر میں داخلہ لینے کے بعد خصوصی پوجا کے ذریعہ ویرا پنڈگوی نے انہیں آشیرواد دیا۔ اسی دوران چیف منسٹر نے آج اپنے چیمبر میں اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کرنے کے فوری بعد تین اہم فائیلوں پر اپنے دستخط ثبت کئے جس میں ریاست آندھراپردیش کے جرنلسٹوں کیلئے انشورنس کی حد میں اضافہ کرکے 10 لاکھ روپئے کرنے سے متعلق فائل پر اپنی پہلی دستخط کئے۔ علاوہ ازیں چیف منسٹر ’’آشا ورکرس‘‘ کی موجودہ تنخواہ 3 ہزار روپئے کی رقم کو بڑھا کر ماہانہ 10 ہزار روپئے کرنے اور ایکسپریس ہائی ویز کی اجازت کے حصول سے متعلق فائل پر دستخط کئے۔ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی سکریٹریٹ آمد اور اپنی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کرنے کے موقع پر ریاستی چیف سکریٹری مسٹر ایل وی سبرامنیم نے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سینئر قائدین ڈاکٹر اوما ریڈی وینکٹیشورلو، وجئے سائی ریڈی نے دیگر قائدین کے علاوہ تمام اعلیٰ عہدیدار وغیرہ بھی موجود تھے۔