کمپنی کی کار کی رسم اجرائی ، پولی ویندولہ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح ، وزیر شنکر نارائنا کا بیان
حیدرآباد /7 اگست ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ضلع اننت پور کے پینوکونڈہ کے مقام پر قائم کردہ موٹر کاروں کی تیاری کرنے والی ’’ کیا کمپنی ‘‘ کا دورہ کرکے موٹر سازی کا مشاہدہ کریں گے ۔ بعد ازاں تقریب میں شرکت کرکے کمپنی کی تیار کردہ کیا سلٹاز کار کی مارکیٹ میں فروخت کیلئے جاری کریںگے ۔ وزیر پسماندہ طبقات مسٹر شنکر نارانئا نے جوکہ ضلع کے انچارج بھی ہیں نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آندھراپردیش ریاست میں قائم کی جانے والے کمپنیوں میں 75 فیصد مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کرے گی ۔ وزیر نے مزید بتایا کہ چیف منسٹر کے دورہ سے متعلق ضلع کلکٹر اننت پور ، مسٹر ستیہ نارائنا ، ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر ایس عیسو بابو نے کیا موٹر کمپنی کے احاطہ میں بنائے جانے والے ہیلی پیاڈ کا معائنہ کرکے کمپنی کے ذمہ دار عہدیداروں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا ۔ جگن موہن ریڈی کے دورہ کی تفصیلات کو بتایا اور کہا کہ 8 اگست کو دوپہر ایک بجے دن وجئے واڑہ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر کیا موٹر کمپنی کے احاطہ میں پہونچیں گے اور کار کی فروخت کیلئے اجرائی عمل میں لانے کے بعد چیف منسٹر ضلع کڑپہ کے پولی ویندولہ روانہ ہوں گے ۔ جہاں وہ مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ قبل ازیں 7 اگست کو اپنے قیام دہلی کے دوران جگن موہن ریڈی نے صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند ، نائب صدر جمہوریہ ہند مسٹر ایم وینکیا نائیڈو سے خیر سگالی ملاقات کی اور ریاست کے حالات اور ریاست کی ترقی حکومت سے انجام دئے جانے والے اقدامات سے واقف کروایا ۔ بعد ازاں مسٹر جگن موہن ریڈی نے مرکزی وزیر قومی شاہراہ مسٹر نتن گڈکری سے ملاقات کرکے ریاست میں شاہراہوں کی ترقی کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا اور چند اہم شاہراہوں کی ترقی کیلئے واضح تیقن حاصل کیا ۔ مسٹر جگن موہن ریڈی کی قائدین سے ملاقات کے موقع پر قومی جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی و رکن پارلیمان مسٹر وجئے سائی ریڈی کے علاوہ سینئیر قائد مسٹر متھن ریڈی وغیرہ بھی موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ جگن موہن ریڈی دہلی سے آج شب ہی ریاست واپس ہوجائیں گے ۔
