چیف منسٹر بنگال ممتابنرجی کا آج سے دورہ دہلی

,

   

صدرجمہوریہ، وزیراعظم ، سونیا گاندھی اور دیگر اپوزیشن قائدین سے ملاقات کا پروگرام

کولکاتا : چیف منسٹر مغربی بنگال و صدر ترنمول کانگریس 26 جولائی سے دہلی کا 5 روزہ دورہ کررہی ہیں۔ اس دوران وہ صدرجمہوریہ رامناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی، صدر کانگریس سونیا گاندھی کے بشمول اپوزیشن قائدین سے ملاقات کریں گی۔ دہلی کے دورہ کے آغاز سے قبل انہوں نے خصوصی کابینی میٹنگ 26 جولائی کو طلب کی ہے۔ اگرچیکہ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ خصوصی اجلاس کا ایجنڈہ واضح نہیں ہے تاہم ایک سینئر وزیر نے بتایا کہ کچھ اہم امور پر ارکان کے ساتھ تبادلہ خیال ہوسکتا ہے جو ممتابنرجی ارکان کو واقف کروانا چاہتی ہے۔ قومی سیاست داخلہ کے ایک دن بعد جمعرات کو ممتابنرجی نے بتایا کہ سیاسی قائدین نے ان سے ملاقات کی خواہش کی ہے اور وہ اپنے دورہ دہلی کے دوران ان سے ملاقات کریں گے۔ قومی سیاست میں ممتابنرجی کے داخلہ کا مقصد خود کو اہم اپوزیشن کے طور پر پیش کرنا چاہتی ہیں کیونکہ مغربی بنگال کے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں انہوں نے بی جے پی کو زبردست شکست دی ہے۔ دوسری طرف بی جے پی نے ممتابنرجی کو مشورہ دیا ہیکہ وہ قومی سیاست میں داخل ہونے کا خواب دیکھنے کے بجائے اپنی ریاست پر توجہ مرکوز کرے۔ مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ترنمول کانگریس دوسری جماعتوں کی تائید حاصل کررہی ہے کیونکہ مغربی بنگال کے علاوہ کسی اور ریاست میں اس کا کوئی اثر نہیں ہے۔ دیگر اپوزیشن جماعتوں کی طرح ممتابنرجی نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے پیگاسس مسئلہ پر بھی مرکزی حکومت شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہیکہ مرکزی حکومت نے اسرائیل کی کمپنی این ایس او سے پیگاسس جاسوسی سافٹ ویر خریدا اور ہر کسی کی جاسوسی کررہی ہے۔