۔23 اقسام کی ڈشیس، گاؤں والوں میں مسرت کی لہر
ایک سال میں سنہرا گاؤں بنانے کا وعدہ ،گاؤں میں کوئی پولیس کیس نہ ہو
سیاست اور ذات پات سے اُٹھ کرہنسی خوشی زندگی بسر کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھونگیر ضلع کے واسلامری گاؤں کا دورہ کیا اور وہاں گاؤں والوں کے ساتھ اجتماعی لنچ میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس گاؤں کو ہمہ جہتی ترقی کیلئے اختیار ( اڈاپٹ ) کیا ہے۔ طویل عرصہ سے وہ اس گاؤں کے دورہ کا منصوبہ بنارہے تھے لیکن کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں پروگرام ملتوی کیا جاتا رہا۔ چیف منسٹر نے آج ریاستی وزراء، عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ واسلامری گاؤں پہنچ کر گاؤں والوں سے گرام سبھا میں ملاقات کی۔ چیف منسٹرکی جانب سے گاؤں کے 3000 افراد کیلئے لنچ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ٹیبل پر کھانے کا انتظام تھا اور چیف منسٹر خود بھی گاؤں والوں کے ساتھ لنچ میں شریک رہے۔ لنچ کے دوران چیف منسٹر نے ہر گاؤں والے کے پاس پہنچ کر اس کی خیریت دریافت کی۔ چیف منسٹر نے کئی گاؤں والوں بالخصوص خواتین سے ان کے خاندان کے بارے میں استفسار کیا اور غریبوں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ چیف منسٹر کے ہر شخص کے پاس پہنچنے پر جذباتی مناظر دیکھے گئے اور گاؤں والے خوشی اور مسرت سرشار دکھائی دے رہے تھے۔ گاؤں کی جملہ آبادی 3000 ہے اور حیدرآباد سے خصوصی ٹیم روانہ کرتے ہوئے پکوان کا انتظام کیا گیا۔ کئی ایکر اراضی پر محیط علاقے میں کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ کھانے میں 23 اقسام کی ڈشیس موجود تھیں جن میں مٹن، چکن، ترکاری، بوٹی کری، مچھلی، دو قسم کے میٹھے، پالک پنیر، بریانی، پُلی ہورا ، سامبر اور دیگر اقسام کی ڈشیس شامل تھیں۔ اجتماعی لنچ کے بعد چیف منسٹر نے خصوصی طور پر تیار کردہ شامیانہ میں گرام سبھا کا اہتمام کیا اور گاؤں والوں سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر نے وعدہ کیا کہ وہ واسلا مری گاؤں کو سنہرے گاؤں میں تبدیل کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس گاؤں کو کم از کم مزید 20 مرتبہ آؤں گا۔ آئندہ دورہ کے موقع پر اس طرح کی سبھا نہیں رہے گی ، آپ کے گاؤں سے چار افراد کا تعارف ہوا ہے۔ ہر ایک کے علحدہ تعارف کی طرح سبھا منعقد کی جائے۔ اگر آپ تمام کوشش کریں تو ایک سال میں واسلا مری سنہرے گاؤں میں تبدیل ہوجائے گا۔ گاؤں میں کوئی بھی پولیس کیس نہ ہونے پائے، ہر مسئلہ کا مقامی طور پر حل تلاش کیا جائے۔ ایک دوسرے کو دیکھنے پر ہنسی اور مسکراہٹ کا ماحول رہے۔ ہر شخص ایک دوسرے کی مدد کرتے ہوئے باہمی محبت کو فروغ دے۔
گاؤں میں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ مصیبت چاہے کسی کی ہو ہر کوئی اس کا احساس کرے۔ ریاستی حکومت آپ کی مدد کرے گی۔ میں گاؤں کے ہر مسئلہ کی یکسوئی کیلئے قدم اٹھاؤں گا۔ سرپنچ اور ایم پی ٹی سی کی قیادت میں ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آج سے واسلا مری کا ہر شخص ان کے خاندان کی رکن کی طرح ہے۔ ذات پات اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر گاؤں کی ترقی کی ضرورت ہے۔ ہر شخص کو گاؤں کی ترقی کا عہد کرنا چاہیئے۔ کسی بھی مسئلہ کے حل کیلئے متحدہ طور پر مساعی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گاؤں والا دو گھنٹے کام کرے تو گاؤں کی ترقی یقینی ہوگی۔ انہوں نے واسلا مری میں ایک عالیشان کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا بھی تیقن دیا۔ ہر ایک کی ضرورت کے مطابق منظوری دینا میری ذمہ داری ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ گاؤں میں موجود 3 دلت بستیوں کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کا جائزہ لیں گے۔ چیف منسٹر نے گاؤں کے سرپنچ کے گھر میں کچھ دیر تک وقت گذارا اور افراد خاندان سے ملاقات کی۔