چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر اپوزیشن ارکان کو انحراف کیلئے اکسانے کا الزام

   

صدر ٹی آر ایس کے ماضی کے بیان کی یاد دہانی، صدر ٹی ڈی پی تلنگانہ ایل رمنا کا ردعمل

حیدرآباد ۔ 24 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی پر دوہرا معیار اختیار کرنے اور دیگر پارٹیوں کے ارکان اسمبلی و قائدین کو انحراف کیلئے اکسانے و بھرپور ترغیبات کے ذریعہ ہمت افزائی کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ محض تلنگانہ سے اپوزیشن جماعتوں کا صفایا کرنے اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے خلاف کوئی پارٹی نہ رہنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ دیگر پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کو انحراف کروانے کی جانے والی کوششوں سے گریز کریں۔ انہوں نے مسٹر کے سی آر کو یاد دلایا کہ جب ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی سابق میں خود مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے آمرانہ طرزعمل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ٹی آر ایس کے ارکان نے ٹی آر ایس سے انحراف کرکے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے پر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے نہ صرف منحرف ارکان اسمبلی بلکہ کانگریس پارٹی کے خلاف من مانی باتیں کی تھیں لیکن آج وہی مسٹر چندرشیکھر راؤ دیگر پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کو اپنی پارٹی سے انحراف کرنے اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہونے کی نہ صرف ترغیب دے رہے ہیں بلکہ بھرپور ہمت افزائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محض مسٹر کے سی آر کے ان اقدامات کی وجہ سے گذشتہ سال ماہ ڈسمبر میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی اور تلگودیشم کے ٹکٹ پر انتخابی مقابلہ کرکے کامیابی حاصل کرکے اب ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ مسٹر ایل رمنا نے کے سی آر کے اس طرزعمل پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کرکے دریافت کیا کہ آیا گذشتہ پارلیمانی انتخابات میں 15 ارکان پارلیمان کی کامیابی کے باوجود کے سی آر نے مرکزی حکومت سے تلنگانہ کی ترقی کیلئے کیا حاصل کیا اور اب 16 ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمان امیدواروں کو کامیاب بنانے کی کس بنیاد پر اپیل کی جارہی ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ 16 ارکان پارلیمان کو کامیاب بناکر بھی ریاست کیلئے کیا حاصل کرسکیں گے؟ مسٹر ایل رمنا نے پرزور الفاظ میں کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں ٹی آر ایس کے امیدواروں کو ووٹ دینا راست نریندر مودی کو ووٹ دینے کے مترادف ہوگا۔ لہٰذا ریاست تلنگانہ کے عوام سے ٹی آر ایس امیدواروں کو ووٹ دینے سے گریز کرنے اور دیگر سیکولر جماعتوں بشمول کانگریس وغیرہ کے امیدواروں کو ووٹ دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی۔