ٹی آر ایس کو لوک سبھا انتخابات کیلئے امیدواروں کی عدم دستیابی پر نئے حربے ، چندرا بابو کا بیان
حیدرآباد /20 مارچ ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی قائدین کے ساتھ زیادتیاں کرنے اور ڈرا دھمکاکر خوف زدہ کرنے کا صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا اور کہا کہ مسٹر کے سی ار اپنی آمریت کے ذریعہ تلنگانہ میں اپوزیشن جماعتوں کا مکمل صفایا کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں ۔ سب سے پہلے کانگریس پارٹی کے منتخبہ ارکان اسمبلی کو مختلف پرکشش ترغیبات دیکر کانگریس پارٹی سے مستعفی ہوکر ٹی آر ایس میں شامل ہونے کیلئے مجبور کردیا اور اب لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر مناسب امیدوار دستیاب نہ رہنے کے باعث دیگر پارٹیوں بشمول تلگودیشم کے اہم قائدین پر نظر ڈال کر انہیں پارٹی ٹکٹ فراہم کرنے کی پیشکش کرکے اپنی پارٹی میں شامل ہونے پر مجبور کر رہے ہیں ۔ چیف منسٹر آندھراپردیش نے چندر شیکھر راؤ کے اس طرز عمل پر اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے ڈرا دھمکاکر ریاست تلنگانہ ریاست سے متعلق املاک وغیرہ کو حاصل کرلیا ۔ بلکہ ریاست کی ترقی سے حسد و جلن کرتے ہوئے ریاست کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر چندرا شیکھر راؤ یہ چاہتے ہیں کہ ریاست تلنگانہ میں صرف ایک ہی پارٹی رہے ۔
چیف منسٹر آندھراپردیش نے مزید کہا کہ سیوا مترا ڈاٹا کا سرقہ کرکے مسٹر چندر شیکھر راؤ نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے حوالہ کیا اور بتایا کہ تلنگانہ کے مقابلہ میں ریاست میں تلگودیشم حکومت سرکاری ملازمین کو اور پنشنرس کو زیادہ سے زیادہ تنخواہیں و پنشن فراہم کر رہی ہے ۔ چندرا بابو نے چیف منسٹر تلنگانہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ درحقیقت کے سی آر بالواسطہ طور پر آندھرارپردیش پر بھی حکمرانی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور آئندہ ماہ تلنگانہ میں منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند تلگودیشم امیدواروں کو انتخابات میں مقابلہ نہ کرنے کیلئے ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلگودیشم کے دوبارہ برسر اقتدار آنے کے بعد فوری طور پر پنشنرس ویلفیر فنڈ قائم کیا جائے گا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پنشنرس ویلفیر اسوسی ایشن کے سالانہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کا مالی موقف کمزور رہنے کے باوجود 43 فیصد فٹمنٹ فراہم کیا گیا ۔ علاوہ ازیں گذشتہ پانچ سال کے دور اقتدار میں ترقی حاصل کی گئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے ساتھ خفیہ ساز باز کرتے ہوئے ریاست آندھراپردیش کو اور تلگودیشم پارٹی کو نقصان پہونچانے کیلئے خفیہ طور پر اقدامات کر رہے ہیں ۔