چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی گورنر ٹی ایس سونداراجن سے ملاقات

   

آر ٹی سی کو خانگیانے ، ریونیو ایکٹ اور دیگر امور پر بات چیت ، اسمبلی سرمائی اجلاس پر بھی تبادلہ خیال
حیدرآباد۔25نومبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے راج بھون پہنچ کر گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندارجن سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں آرٹی سی کو خانگیانے کے متعلق فیصلہ کے علاوہ ریوینیو ایکٹ اور دیگر امور کے متعلق واقف کروایا۔ بتایاجاتا ہے کہ زائد ازایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات کے دوران مسٹر کے چندر شیکھرراؤ نے گورنر کو آرٹی سی کی 5100 روٹس کو خانگیانے کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کروایا اور حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ آرٹی سی کو منافع بخش بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے کس طرح کے اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور حکومت نے کیا منصوبہ تیار کیا ہے۔ چیف منسٹر نے گورنر کی حلف برداری کے بعد کی گئی اس پہلی ملاقات کے دوران ڈاکٹر تمیلی سائی سوندارجن کو اسمبلی کے سرمائی سیشن کے سلسلہ میں بھی تفصیلات سے واقف کروایا اور انہوں نے حکومت کی جانب سے نئے ریوینیو ایکٹ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کی بھی گورنر کو تفصیلات پیش کی ۔ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے گورنر کو آر ٹی سی ہڑتال کے سبب پیدا شدہ صورتحال اور حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت آر ٹی سی کو نصف خانگیاتے ہوئے شعبہ کو منافع بخش بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کر رہی ہے لیکن اسے غلط انداز میں پیش کرتے ہوئے حکومت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے تیار کئے گئے نئے ریوینیو ایکٹ کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ محکمہ مال میں پائی جانے والی دھاندلیوں اور بد عنوانیوں کے خاتمہ کے سلسلہ میں حکومت نے سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے اس قانون کو تیار کیا ہے جس کے ذریعہ محکمہ مال میں پائی جانے والی بے قاعدگیوں کو دور کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ گورنر اور چیف منسٹر کے درمیان اس خوشگوار ملاقات کے دوران تلنگانہ اسمبلی کے سرمائی سیشن کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ واضح رہے کہ آرٹی سی ہڑتال کے دوران گورنر کی جانب سے متعدد مرتبہ آرٹی سی ملازمین کی تنظیموں کے قائدین کی نمائندگیوں اور ان سے ملاقات اور حکومت کے اقدامات کے خلاف شکایات کے بعد ایسا محسوس کیا جا رہاتھا کہ گورنر تلنگانہ اور حکومت تلنگانہ کے درمیان تعلقات خوشگوار برقرار رہنا مشکل ہے لیکن آج کی اس خوشگوار ملاقات کے بعد اس بات کی نفی ہوچکی ہے۔