چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے عنقریب ’ بُرے دن ‘ کی آمد

   

تلنگانہ کی مالیت کو لوٹنے کا الزام ، صدر ٹی آر ایس کو جیل روانہ کرنے کا عزم ، ڈاکٹر این جناردھن ریڈی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : سابق وزیر ڈاکٹر این جناردھن ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کو ہدف ملامت بنایا اور سخت الفاط میں کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ کو کرپشن معاملات میں جیل کو روانہ کرنے تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ آج گاندھی بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ کو گلابی باس سے تعبیر کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ریاست کو چندر شیکھر راؤ مالی اعتبار سے لوٹ رہے ہیں اور بالخصوص مختلف ٹنڈروں وغیرہ کے نام پر اپنے حامی کنٹراکٹرس کو بھی لوٹ کھسوٹ کرنے کا پورا پورا موقعہ فراہم کررہے ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کے ہاتھ میں دولت مند تلنگانہ حوالہ کی گئی تھی لیکن مسٹر چندر شیکھر راؤ دولت مند تلنگانہ کو قرض دار ریاست بنا کر رکھدیا اور ریاست میں جاری تمام تعمیری کاموں کے کنٹراکٹس ان کے کٹر حامی ایک ہی کنٹراکٹر کے حوالہ کرنے کے اقدامات کررہے ہیں بالخصوص آندھراسے تعلق رکھنے کنٹراکٹرس کو ہی تعمیراتی کاموں کی حوالگی پر اولین ترجیح دے رہے ہیں ۔ جناردھن ریڈی نے ریاست میں ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین اور مہلوک ہڑتالی ملازمین کے افراد خاندان کی کے سی آر کو بہت جلد ’ بددعا ‘ لگے گی اور ریاست سے ٹی آر ایس کا مکمل صفایا ہوجائے گا ۔ سابق وزیر و کانگریس قائد جناردھن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر اپنی من مانی کرتے ہوئے کسی کو بھی خاطر میں لانے کے موقف میں نہیں ہیں ۔ بالخصوص اپنی انانیت و آمریت کے ذریعہ خود پارٹی کے اہم قائدین سے صلاح و مشورہ کرنے کو بہت عیب تصور کررہے ہیں جب کہ ان تمام قائدین کے بھر پور تعاون کے ذریعہ نہ صرف علحدہ ریاست حاصل کی گئی بلکہ دوسری مرتبہ ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کا موقعہ فراہم ہوا ۔ لیکن موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے کے سی آر صرف اپنے مخصوص افراد خاندان کیساتھ صلاح و مشورہ کرتے ہوئے غیر جمہوری غیر منصفانہ و آمرانہ نوعیت کے اقدامات کررہے ہیں ۔ جناردھن ریڈی نے پر زور الفاظ میں کہا کہ بہت جلد کے سی آر کے لیے انتہائی ’ بُرے دن ‘ آئیں گے ۔۔