چیف منسٹر جگن کا سرکاری ملازمین سے دھوکہ

   

Ferty9 Clinic

عبوری راحت کی اپریل کی بجائے جولائی سے فراہمی : ایم ایل سی اشوک بابو
حیدرآباد 9 جولائی (سیاست نیوز) تلگودیشم رکن آندھراپردیش قانون ساز کونسل مسٹر اشوک بابو نے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی پر سرکاری ملازمین کے ساتھ دھوکہ کا الزام عائد کیا اور کہاکہ جگن موہن ریڈی نے ماہ اپریل سے سرکاری ملازمین کو عبوری راحت فراہم کرنے کے بجائے ماہ جولائی سے عبوری راحت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح اپریل تا جولائی وظیفہ پر سبکدوش ملازمین کو نقصان ہوا ہے۔ اس طرح چیف منسٹر نے سرکاری ملازمین سے وعدہ کو پورا کرنے کے بجائے دھوکہ دیا ہے۔ میڈیا سے گنٹور میں بات کرتے ہوئے مسٹر اشوک بابو نے وائی ایس آر کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ سرکاری ملازمین کیلئے عبوری راحت کی فراہمی کا اعلان کرنے سے اس بات کا اندازہ لگایا جارہا ہے کہ 2020 تک ملازمین کیلئے نئے پے ریویژن کمیشن کا قیام عمل میں نہیں لایا جائے گا۔ مسٹر اشوک بابو نے سرکاری ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے مؤثر اقدامات کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ حکومت نے انٹرمیڈیٹ طلباء کیلئے سابقہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ دوپہر کے کھانے کی اسکیم کو منسوخ کرکے طلباء کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ علاوہ ازیں تلگودیشم حکومت کی مختلف اسکیمات کو منسوخ کرنے پر اعتراض کیا اور بتایا کہ حکومت مخالف عوام اقدامات کررہی ہے۔ اشوک بابو نے ریاست بھر میں انٹرمیڈیٹ طلبا کیلئے دوپہر کے کھانے کی اسکیم کو دوبارہ شروع کرنے اقدامات کا حکومت سے مطالبہ کیا۔