معذورین، بزرگوں اور بچوں کیلئے بالابھروسہ، پرنامہم اسکیمات، خصوصی منصوبہ بندی
حیدرآباد 10 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی حکومت معذورین، بزرگوں اور بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک اور اہم قدم اٹھانے جارہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 12 جنوری کو بالابھروسہ، پرنامہم اسکیمات کا آغاز کرینگے۔ حکومت کی یہ دو اسکیمات ریاست میں معذوروں، بزرگوں اور بچوں کی زندگی کو بہتر بنانے تیار کی گئی ہیں۔ معذورین کو بااختیار بنانے حکومت نے 50 کروڑ روپئے مختص کئے ۔ اس کے تحت 7 ہزار اہل استفادہ کنندگان میں 43-22 کروڑ مالیت کے آلات تقسیم کئے جائیں گے۔ ان میں ریڑو فنڈ موٹرائزڈ گاڑیاں، بیٹری سے چلنے والی ٹرائی سائیکلس، وہیل چیرس، لیاپ ٹیاپس، سماعت کے آلات اور موبائیل فون شامل ہیں۔ معذورین کوآپریٹیو سوسائٹی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایک ہی سال میں اس پیمانے پر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ بزرگوں کو ذہنی تندرستی اور بہتر نگہداشت کیلئے حکومت نے ریاست بھر میں 37 پرنامہم ڈے کیئر سنٹرس کو منظوری دی ہے۔ حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل، ملکاجگری اور ہنمکنڈہ اضلاع میں دو دو جبکہ ماباقی 29 اضلاع میں ایک ایک مرکز قائم کیا جائے گا۔ یہ مراکز صبح 9 بجے تا شام 6 بجے کام کرینگے جہاں لائبریری، انڈور گیمز، ٹی وی، انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی سہولت دستیاب ہوگی۔ مستحقین کو مفت اسنیکس اور گرم کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔ حکومت نے ہر مرکز کے قیام اور دیکھ بھال کیلئے 12.48 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ اسی طرح پانچ سال سے کم عمر معذورین کی جلد شناخت اور مناسب علاج کیلئے بال بھروسہ اسکیم شروع کی جارہی ہے۔ آنگن واڑی اساتذہ ابتدائی اسکریننگ کریں گی اور ضرورتمند بچوں کو پرائمری ہیلت سنٹرس یا RBSK سے طبی معائنوں کیلئے بھیجا جائے گا۔ حکومت مستحق بچوں کی مفت سرجری، تھراپی اور بحالی کی سہولیات فراہم کرے گی۔ حکومت کا کہنا ہیکہ ان اسکیمات کے ذریعہ معذوری سے پاک اور خوشحال تلنگانہ کی تعمیر ممکن ہوگی۔2
