نئی دہلی۔ 20 اگست (ایجنسیز) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر آج صبح وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر عوامی سماعت کے دوران حملہ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص نے ان پر تھپڑ مارا۔دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سکسینہ نے بتایا کہ ملزم نے وزیر اعلیٰ کا ہاتھ پکڑ کر کھینچا جس کے باعث وہ میز کے کونے سے ٹکرا گئیں اور ان کے سر پر چوٹ آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تھپڑ مارنے کا واقعہ قابلِ مذمت ہے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ عوامی سماعت کے دوران ایک شخص نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ کیا، جسے دہلی پولیس نے گرفتار کر کے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ ملزم نے اپنی شناخت راجیش بھائی کھمجی (41) کے طور پر کرائی ہے جو راجکوٹ، گجرات کا رہائشی ہے۔ واقعہ کے بعد دہلی کے چیف سکریٹری اور کئی وزراء وزیر اعلیٰ کی خیریت دریافت کرنے کے لیے سی ایم ہاؤس پہنچے، جہاں ریکھا گپتا زیرِ علاج ہیں۔ حملہ آور نوجوان راجیش کا دستاویزات دینے کے بعد عملے کے ساتھجھگڑا ہوا اور اس نے اچانک وزیر اعلیٰ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ ترجمان نے کہا کہ یہ کسی ایسی سیاسی جماعت کا کارنامہ ہو سکتا ہے جو شکست اور مایوسی کا شکار ہے۔عوامی سماعت میں شریک شیلندر کمار نے بتایا کہ وہ اتم نگر سے گٹر کی شکایت لے کر آئے تھے۔ جیسے ہی وہ گیٹ پر پہنچے تو افراتفری مچ گئی کیونکہ وزیر اعلیٰ کو تھپڑ مارا گیا۔ انجلی نامی ایک اور خاتون نے کہا کہ اگر ایک فرضی شخص اس قدر قریب آکر وزیر اعلیٰ پر حملہ کر سکتا ہے تو یہ بہت سنگین معاملہ ہے۔ پولیس نے حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کر لیا۔کانگریس نے اس واقعہ کو دہلی میں خواتین کے تحفظ پر سوالیہ نشان قرار دیا۔ دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے۔ ریکھا گپتا پوری دہلی کی وزیر اعلیٰ ہیں۔ ایسے واقعات کی شدید مذمت ہونی چاہئے۔ اگر وزیر اعلیٰ ہی محفوظ نہیں تو عام آدمی اور عورت کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں؟دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور عام آدمی پارٹی کی رہنما آتشی نے بھی حملے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھاکہ ریکھا گپتا پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ جمہوریت میں اختلاف اور احتجاج کی جگہ ضرور ہے، لیکن تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ امید ہے دہلی پولیس ملزم کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ریکھا گپتا 20 فروری 2025 کو دہلی کی وزیر اعلیٰ بنی تھیں۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں انہوں نے عام آدمی پارٹی کی امیدوار وندنا کماری کو 29,595 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔ ریکھا گپتا طویل عرصے سے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بننے سے قبل وہ دہلی بی جے پی کی جنرل سکریٹری اور بی جے پی مہیلا مورچہ کی قومی نائب صدر بھی رہ چکی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ابتدائی تحقیقات میں یہ ذاتی ناراضگی کا معاملہ لگ رہا ہے۔ تاہم سیاسی پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ پولیس نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔