چیف منسٹر دہلی کجریوال کا جے این یو تشدد کیخلاف اجلاس

,

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجئین کی جانب سے یونیورسٹی کے احاطہ میں تشدد کی مذمت

نئی دہلی ؍ تھرواننتاپورم 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے سینئر قائدین اور وزراء کا ایک اجلاس چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی قیامگاہ پر منعقد ہوا اور جواہرلال نہرو یونیورسٹی کے احاطہ میں ایک دن قبل برپا ہونے والے تشدد کی مذمت کی گئی۔ سینئر پارٹی قائد سنجے سنگھ نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ اجلاس میں تشدد کو ’’سنگین صورتحال‘‘ قرار دیا گیا جو یونیورسٹی کے احاطہ میں پیدا کی گئی ہے۔ طلبہ اور پروفیسرس پر حملے شرمناک ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ سب ہندوستان کے قومی دارالحکومت میں پیش آیا۔ دنیا ہم پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہم اِس واقعہ سے دنیا کو کیا پیغام دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے مرکزی حکومت سے کہاکہ فوری کارروائی کرے اور دہلی میں امن بحال کرے۔ جواہرلال نہرو یونیورسٹی میں اتوار کی رات تشدد پھوٹ پڑا تھا جبکہ نقاب پوش لاٹھیوں سے مسلح حملہ آوروں نے طلبہ اور اساتذہ پر حملے کئے اور یونیورسٹی کے احاطہ میں موجود تمام اشیاء کو نقصان پہنچایا۔ چنانچہ انتظامیہ پولیس طلب کرنے پر مجبور ہوگیا۔ تھرواننتاپورم سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر کیرالا وجئین نے پیر کے دن جے این یو کے احاطہ میں طلبہ کے خلاف پرتشدد کارروائی کی مذمت کی اور کہاکہ اساتذہ اور طلبہ پر یونیورسٹی کے احاطہ میں حملے بے چینی پیدا کرنے کی ایک کوشش ہے۔