شہری خطے میں مساوی ترقی کا عزم ، طبی سہولتوں کی فراہمی پر بھی توجہ : ہریش راؤ
حیدرآباد 13ستمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹرمسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست کے تمام دیہی علاقوں کو پاک و صاف دیکھنے کے ساتھ ساتھ ریاست کے دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات میں مصروف ہیں اور اس با ت کی کوشش کر رہے ہیں کہ ریاست کے دیہی علاقو ںکی ترقی کو کس طرح یقینی بنایا جائے اسی لئے چیف منسٹر نے 60روزہ منصوبہ تیار کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے اقدامات پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ ریاستی وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات ریاست کے شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے تیار کئے جانے والے منصوبہ کے تحت ہیں اور حکومت کی جانب سے ہر شہری اور دیہی علاقہ میں مساوی ترقی اور ضرورت کے مطابق ترقیاتی کاموں کی ترجیح کو ممکن بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت ترقیاتی کامو ںکے علاوہ فلاحی منصوبوں پر عمل آوری میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی بلکہ ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے منصوبہ کے تحت گرام پنچایت کو مستحکم کرنے اور دیہی علاقوں کو بہتر بنانے کے علاوہ ان علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر سہولتوں بالخصوص طبی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایاجائے گا اور عوام کی خواہش کے مطابق ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے ۔ ریاستی وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے تمام اقدامات کو قابل عمل بنانے کیلئے ضلعی سطح پر عہدیداروں اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں اور ان ہدایات کے بعد بھی اگر شکایات موصول ہوتی ہیں تو ایسی صورت میں عہدیداروں کے خلاف کاروائی سے بھی حکومت گریز نہیں کرے گی۔