جے پور : راجستھان میں ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ریاست میں بڑھتے جرائم اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر ریاست کی کانگریس حکومت پرحملہ تیز کرتے ہوئے آج وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کو ذمہ دار ٹھہرایا اور ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا نے ضلع جے پور کے جموارا گڑھ میں بدمعاشوں کے ذریعہ خاتون کاقتل کرنے کے واقعہ کے بعد آج اپنے بیکانیر دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان ملک میں امن پسند ریاستوں میں شمارہوتا تھااور جہاں لوگ سیاحت، روزگار اور رہائش کے لیے آتے تھے ، وہاں کانگریس کی گہلوت حکومت کے پونے تین سالہ دورحکومت میں امن ومان کو ایک کے بعد ایک چیلنجز ملے ہیں اور مجرموں کے حوصلے بلندہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا نعرہ عوام میں اعتماد اور مجرموں میں خوف کے برعکس آج مجرموں میں اعتماد اور عوام میں عدم تحفظ ہے ۔ کانگریس حکومت کے پچھلے پونے تین سال میں سواچھ لاکھ مقدمے درج ہونا اس کی مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق راجستھان سب سے زیادہ جرائم والی ریاستوں میں شمار ہے ۔ ریاست میں خواتین، دلتوں اور پسماندہ افراد کے خلاف جرائم ہو رہے ہیں۔