سدی پیٹ میں 55 استفادہ کنندگان میں چیکس کی تقسیم ۔ہریش راو کا خطاب
حیدرآباد۔حکومت سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے امداد میں کوئی تعصب یا طرفداری نہیں کی جاتی بلکہ جو مستحق ہیں ان کو امداد کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے ۔ وزیر فینانس ٹی ہریش راؤنے سدی پیٹ میں 55 استفادہ کنندگان کو 24لاکھ 27 ہزار کے چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے چیک تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے غرباء کو علاج کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے امداد کی اجرائی میں کوئی تعصب یا سیاسی قرابتداری کو نظر میں نہیں رکھا جاتا بلکہ جو مستحق ہیں انہیں امداد فراہم کی جاتی ہے۔ وزیر فینانس نے استفادہ کنندگان کو مشورہ دیا کہ وہ ریلیف فنڈ سے حاصل امداد کے چیک اپنے کھاتہ میں جمع کروائیں اور یہ بات ذہن سے نکال دیں کہ حکومت یا چیف منسٹر اپنے ریلیف فنڈ کی اجرائی کیلئے ذہنی تحفظات کا شکار ہیں جبکہ آندھرا پردیش کی حکومت کی جانب سے ریلیف فنڈ رقومات و استفادہ کنندگان کی تعداد کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آئیگی کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ریلیف فنڈ سے امداد میں اضافہ ریکارڈ ہواہے ۔ہریش راؤ نے مستحقین کو مشورہ دیا کہ وہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں علاج و معالجہ کیلئے درخواست داخل کرکے امداد کے حصول میں ہچکچائیں نہیں بلکہ ضرورت کے مطابق درخواست داخل کریں حکومت اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے تشکیل کمیٹی ان درخواستوں کا جائزہ لے کر انہیں چیف منسٹر کی منظوری کیلئے روانہ کرتی ہے اور چیف منسٹر کی منظوری کے ذریعہ چیکس کی اجرائی عمل میں لائی جاتی ہے اس دوران یہ نہیں دیکھا جاتا ہے کہ درخواست گذار کون ہے اس کا کس سیاسی جماعت سے تعلق ہے یا وہ کس مذہب سے تعلق رکھتا ہے بلکہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے ذریعہ جہاں تک ممکن ہوسکے ان تمام مستحقین کی درخواستوں کو منظوری دی جاتی ہے جن کی معاشی حالت بہتر نہ ہو اور ان کے علاج و معالجہ کیلئے کاری خطیر رقم درکار ہو۔
