حیدرآباد ۔30۔مارچ (سیاست نیوز) ریاست کی مختلف نامور شخصیتوں اور تجارتی اداروں کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیات کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے چیک حوالے کیا۔ تلنگانہ رائس ملز اسوسی ایشن کے نمائندوں نے چیف منسٹر کو 50 لاکھ روپئے کا چیک پیش کیا۔ ہیتھرو ڈرگس کی جانب سے 5 کروڑ روپئے بطور عطیہ اور پانچ کروڑ روپئے مالیتی ضروری ادویات کا اعلان کیا گیا ۔ ہیتھرو کے صدرنشین پارتھا سارتھی ریڈی اور ڈائرکٹر رتنا کر ریڈی نے چیف منسٹر کو چیک پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت ای راجندر موجود تھے۔ تلنگانہ موٹر وہیکل انسپکٹرس اسوسی ایشن کے صدر کے پاپا راؤ اور دوسروں نے چیف منسٹر کو دیڑھ کروڑ روپئے کا چیک حوالے کیا ۔ سوئن فارما کی جانب سے صدرنشین وینکٹ جستھی نے چیف منسٹر کو ایک کروڑ کا چیک حوالے کیا ۔ این سی سی لمٹیڈ کے مینجنگ ڈائرکٹر اے رنگا راجو نے ایک کروڑ کا عطیہ دیا ہے۔ سری چیتنیہ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس کے ڈائرکٹر وائی سریدھر نے چیف منسٹر کو ایک کروڑ روپئے کا چیک حوالے کیا۔