حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) صنعتی شعبہ سے تعلق رکھنے والی کئی ممتاز شخصیتوں نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیات کا اعلان کیا ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت کے اقدامات میں تعاون کیلئے فراخدلانہ عطیات کا سلسلہ جاری ہے۔ جی ایم آر گروپ کے نمائندوں نے ایک کروڑ روپئے کا عطیہ دیا۔ جی ایم آر کے ڈائرکٹر سی ایچ پرسنا نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے چیک حوالے کیا۔ کریم نگر گرانائیٹ کے تاجروں نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں75 لاکھ روپئے نقد اور ایک کروڑ مالیتی ادویات کا عطیہ دیا ہے۔ کریم نگر گرانائیٹ کواری اونرس اسوسی ایشن نے 50 لاکھ روپئے کا چیک پیش کیا۔ اسوسی ایشن کے نمائندوں پی گنگادھر راؤ اور سریدھر نے چیف منسٹر کو چیک حوالے کیا۔ مارواری گرانائیٹ فیکٹریز اسوسی ایشن نے چیف منسٹر کو 25 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ اسوسی ایشن کے نمائندوں جی مہیشوری، راجیش اگروال، مکیش پروال نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے چیک حوالے کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ای راجندر اور جی کملاکر موجود تھے۔
