حیدرآباد۔یکم اپریل (سیاست نیوز) کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے متاثر ہوکر مختلف اداروں کی جانب سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیات کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی ممتاز شخصیتوں نے پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے چندرا شیکھر رائو سے ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیہ کا چیک حوالے کیا اور کورونا وائرس سے نمٹنے میں تعاون کا یقین دلایا۔ ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرو انٹرولوجی کے انچارج صدرنشین ناگیشور ریڈی، نائب صدر نشین ڈاکٹر ڈی وی ایس راجو نے چیف منسٹر کو 50 لاکھ روپئے کا چیک پیش کیا۔ اروبندو فارما کی جانب سے 11 کروڑ روپئے مالیتی کیش، سینیٹائزر اور ادویات کا عطیہ دیا گیا ہے۔ اروبندو فارما کے نائب صدرنشین نتیانند ریڈی اور ڈائرکٹر شرت چندرا ریڈی نے چیف منسٹر کو 7.5 کروڑ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 2.5 کروڑ روپئے کے سینیٹائزرس اور ایک کروڑ روپئے کے ادویات بھی بطور عطیہ دی جائیں گی۔ گرانڈ فارما کمپنی نے ایک کروڑ روپئے کا عطیہ دیا ہے۔ کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر سرینواسلو نے چیک پیش کیا۔ نوا بھارت وینچرس کے صدرنشین ڈی اشوک، چیف ایگزیکٹیو آفیسر وی وکرم پرساد اور ایگزیکٹیو ڈائرکٹر نکھل نے 2.5 کروڑ کا چیک چیف منسٹر کے حوالے کیا۔ ریاست میں مڈ ڈے میل تیار کرنے والے ورکرس نے 2.65 کروڑ کا عطیہ دیا ہے۔ اس سلسلہ میں مڈ ڈے میل اسکیم ورکرس یونین کے صدر وی ہنمنتلو مکتوب چیف منسٹر کے حوالے کیا۔