رقم کو شخصی کھاتوں میں منتقلی کا انکشاف، جوبلی ہلز پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 19 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے تحت منظورہ رقم کو حاصل کرنے والے 7 فرضی استفادہ کنندگان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ جوبلی ہلز پولیس نے ایک کارروائی میں حکومت اور حقیقی مستحقین کو دھوکہ دینے والے افراد 46 سالہ جی روی ، 40 سالہ جے ناگراجو، 33 سالہ ایم بھاسکر، 50 سالہ ڈی راجو، 35 سالہ کومپلی سنتوش، 65 سالہ چنایالہ لکشمی اور ایس لکشمی کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ان دھوکہ بازوں نے سی ایم آر ایف کے تحت منظورہ 8,71,000 روپے رقم کو اپنے شخصی بینک کھاتوں میں منتقل کرلیا اور فرضی ناموں کے ذریعہ رقم کو فنڈس سے حاصل کرتے ہوئے ایک طرف حکومت اور دوسری طرف حقیقی مستحقین کو دھوکہ دیا۔ جوبلی ہلز پولیس نے بتایا کہ اس ریاکٹ میں مزید افراد شامل ہیں جو فرار ہوگئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ان کا تعاقب کیا جارہا ہے جنہیں بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق پداپلی کریم نگر ضلع کے گوداوری کھنی سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس جوبلی ہلز نے بتایا کہ دھوکہ سے حاصل کردہ رقم کو واپس حاصل کرنے کے لئے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق اس مقدمہ میں نریش کمار، وینکٹیش، و مشی اور اومکر کو سابق میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ کا اصل سرغنہ پی روی جو وزیر کے دفتر میں کام کرتا تھا اس دوران اس نے اپنے اختیارات کا بے جا استعمال کرتے ہوئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے چیکس کو اپنی تحویل میں رکھا۔ سال 2023 کے انتخابات کے بعد بی آر ایس کو شکست ہوئی اور روی نے منظورہ 230 چیکس کو اپنی تحویل میں رکھ لیا اور ان چیکس کی تقسیم عمل میں نہیں لائی جس کے بعد ملزمین نے 19 چیکس کی نشاندہی کی جن کا کوئی پرسانحال نہیں تھا جس کے بعد انہیں ناموں کے فرضی افراد کو تیار کیا گیا وار نقلی دستاویزات کے ذریعہ بینک میں کھاتہ کھول کر 8,71,000 روپے کی رقم کو منتقل کیا گیا۔ پولیس نے اس سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا جبکہ مزید گرفتاریاں باقی ہیں۔ ع