کے ٹی آر کو عطیات کی وصولی کا کوئی اختیار نہیں، ہنمنت راؤ کا دعویٰ
حیدرآباد۔/16 مئی، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کوویڈ19- کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریلیف فنڈ کو موصولہ عطیات کی تفصیلات عوام میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں گزشتہ دو ماہ کے دوران بھاری عطیات وصول ہوئے ہیں لیکن عطیات اور ان کے خرچ کی تفصیلات آج تک پیش نہیں کی گئیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے عطیات چیف منسٹر کے علاوہ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ وصول کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے ٹی آر کس حیثیت سے ریلیف فنڈ کے چیک وصول کرسکتے ہیں جبکہ یہ اختیار چیف منسٹر کے علاوہ وزیر فینانس کو حاصل ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر تلنگانہ میں داداگری کررہے ہیں اور وہ اپوزیشن کا صفایا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی حکومت کے خلاف عوامی جدوجہد کرے گی۔ ہنمنت راؤ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کیلئے مائیگرنٹ لیبرس کو ذمہ دار قرار دینے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کل تک تبلیغی جماعت کو ذمہ دار قرار دیا گیا اور اب مائیگرنٹ ورکرس کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں وائرس کے پھیلاؤ کیلئے خود حکومت ذمہ دار ہے۔ حکومت کی نااہلی و لاپرواہی کے نتیجہ میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔