چیف سکریٹری کو ہنمنت راؤ کا مکتوب ، غیرمقامی ورکرس کیلئے ریلیف کیمپس کی تجویز
حیدرآباد۔25 اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں موصولہ عطیات کی تفصیلات جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں خطیر عطیات موصول ہوئے ہیں۔ عوام کو عطیات کی تفصیلات جاننے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے ریاست میں پھنسے ہوئے غیرمقامی لیبرس کے لئے فنکشن ہالس میں ریلیف کیمپس منعقد کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ پریشان حال مزدوروں کو کیمپ میں رکھ کر غذا اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ممبئی، مدھیہ پردیش، نئی دہلی، کرناٹک، قومی شاہراہوں پر بڑی تعداد میں فنکشن ہالس بند پڑے ہوئے ہیں۔ انہیں ریلیف کیمپ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ لاک ڈاؤن کی تکمیل تک چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے امداد اور کھانا تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ وہ وائرس سے نمٹنے کے اقدامات پر کل جماعتی اجلاس طلب کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ریاست میں اپوزیشن کو نظرانداز کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے اختتام کے باوجود غیرمقامی ورکرس کے مسائل میں کمی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست کو چاہئے کہ وزیراعظم ریلیف فنڈ اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 10 فیصد رقم غیرمقامی ورکرس کے تحفظ پر خرچ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش، بہار، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، مغربی بنگال اور اڈیشہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ورکرس لاک ڈاؤن کے سبب مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔