سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ اور عوام کی جشنو دیو ورما سے لوک بھون میں ملاقات
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لوک بھون پہنچ کر گورنر جشنو دیو ورما کو سال نو کی مبارکباد پیش کی ۔ چیف منسٹر نے گورنر کو گلدستہ پیش کیا اور شالپوشی کی ۔ گورنر نے بھی چیف منسٹر کو تہنیت پیش کی۔ سال نو کے موقع پر ریاستی وزراء پونم پربھاکر جوپلی کرشنا راؤ ، کونڈا سریکھا ، ڈی انوسویا سیتکا، محمد اظہرالدین ، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی ، ہوم سکریٹری سی وی آنند ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، ڈاکٹر چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کی ڈائرکٹر جنرل شانتی کماری ایڈیشنل ڈی جی مہیش بھاگوت اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے بھی گورنر کو سال نو کی مبارکباد پیش کی۔ سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں نے بھی لوک بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کی۔ گورنر نے عوام سے ملاقات کیلئے سال نو کے موقع پر لوک بھون کو تقریباً ایک گھنٹہ کیلئے کھول دیا تھا ۔ سینکڑوں کی تعداد میں عوام نے جن میں اسکولی طلبہ کی کثیر تعداد تھی ، گورنر سے ملاقات کی اور سال نو کی مبارکباد پیش کی۔ گورنر نے ریاست کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1
