جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے ملاقات ‘آج کھرگے ، راہول گاندھی و دیگر سے ملاقات
حیدرآباد ۔6۔فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی دہلی کیلئے روانہ ہوگئے، ان کے ہمراہ تلنگانہ کانگریس امور انچارج دیپا داس منشی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، وزیر اتم کمار ریڈی کے علاوہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ و دیگر موجود ہیں۔ دہلی پہونچنے کے فوری بعد چیف منسٹر کی پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال سے ملاقات ہوئی ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر جمعہ کو کل ہند کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، پارلیمنٹ میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے۔ ریاست میں ذات پات کا سروے اور ایس سی زمرہ بندی سروے سے پارٹی ہائی کمان کو واقف کرائیں گے۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات کے دوران راہول گاندھی نے ذات پات کا سروے کرانے کا عوام سے وعدہ کیا تھا، کانگریس نے ایک سال میں اس کی تکمیل کی اور اس کی رپورٹ ہائی کمان کو سونپنے دہلی پہنچے۔ پارٹی کے سینئر قائدین سے ملاقات کے دوران کانگریس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی 6 گیارنٹیز کے علاوہ دیگر فلاحی اسکیمات پر عمل آوری ، کسانوں کے قرضوں کی معافی ، رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری کے علاوہ ریاست کے ترقی کیلئے اقدامات سے انہیں واقف کرائیں گے۔ ذرائع کے بموجب کابینہ کی توسیع پر بھی تبادلہ خیال ہوسکتا ہے کیونکہ ریاست میں مزید 6 وزراء کی شمولیت کی گنجائش ہے اور ایک سال سے یہ وزارتیں مخلوعہ ہیں ۔ ساتھ ہی تلنگانہ پردیش کانگریس کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کا قوی امکان ہے۔ ریاست میں مقامی اداروں کے انتخابات کے پیش نظر کانگریس کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔2