دہلی کو نوٹوں کے تھیلے روانہ کرنے کے لیے حیدرآباد میں 5 لاکھ کروڑ روپئے کا اراضی اسکام
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے (HILTP) پالیسی کے نام پر 5 لاکھ کروڑ روپئے کا اراضی اسکام کرنے کا کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا ۔ کے ٹی آر کی قیادت میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے آج جیڈی میٹلہ انڈسٹریل پارک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے مزدوروں سے ملاقات کی بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں صنعتوں کے قیام اور روزگار کی فراہمی کے لیے صنعت کاروں کو رعایتی قیمتوں پر اراضیات الاٹ کی گئی تھی ۔ اس طرح جیڈی میٹلہ صنعتی علاقے میں 75 ہزار کروڑ کی قیمتی اراضیات ہیں ۔ اب ان اراضیات پر ریونت ریڈی حکومت کی نظریں مرکوز ہوچکی ہیں ۔ ان اراضیات کو خانگی افراد کے حوالے کرنے کے لیے (HILTP) پالیسی متعارف کرائی گئی ہے ۔ جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مخالفت کرتی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ان اراضیات پر اندرا اماں مکانات ، انٹی گریٹیڈ اسکولس ، قبرستان اور شمشان گھاٹ بھی تعمیر کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ لیکن قیمتی سرکاری اراضیات کو معمولی قیمتوں میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرنے کے لیے خانگی افراد کے حوالے کرنے کی بی آر ایس پارٹی شدید مخالفت کرتی ہے اور حکومت کی (HILTP) پالیسی کے خلاف طویل احتجاجی مہم شروع کرے گی ۔ حکومت کے آفر سے متاثر ہو کر دھوکہ نہ کھانے کا صنعت کاروں کو مشورہ دیا اور کہا کہ بی آر ایس حکومت تشکیل پانے کے بعد ان اراضیات کو دوبارہ واپس لے لیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو بدعنوانیوں کے بادشاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کو نوٹوں کے تھیلے روانہ کرنے کے لیے سرکاری اراضیات کو ہڑپ لیا جارہا ہے ۔ جس کا بی آر ایس خاموش تماشائی ہرگز نہیں رہے گی ۔ حکومت کے اراضی اسکینڈل کے خلاف عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا ۔ قانونی لڑائی لڑی جائے گی ۔ راونڈ ٹیبل کانفرنس اور کل جماعتی اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ فیکٹ فائنڈنگ کے ساتھ اراضیات کے قیمتوں کا تعین کیا جائے گا ۔۔ 2
