چیف منسٹر ریونت ریڈی تلنگانہ کے بعد اب دہلی کےعوام کو گمراہ کررہے ہیں ، کے ٹی آر کا طنز

   

حیدرآباد۔17 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے دہلی کے عوام کو گمراہ کرنے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا۔ تلنگانہ میں کانگریس کے 6 گیارنٹیز پر کوئی عمل نہیں ہورہا ہے، لیکن دہلی کے عوام کو جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے گمراہ کیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات میں عوام سے 420 وعدے کئے جس کو انہوں نے دریائے گنگا میں بہا دیا۔ دہلی کے گلیوں میں پہنچ کر نیا تماشہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں تمام وعدوں پر عمل کرنے کا جھوٹ کہا گیا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے ’’نام بڑے درشن چھوٹے‘‘ ہیں۔ تلنگانہ کے عوام سے کئے گئے وعدے پورا نہ کرنے والے چیف منسٹر دہلی کے عوام سے جھوٹے وعدے کررہے ہیں۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فام ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’چیف منسٹر ریونت ریڈی کا رویہ سگی ماں کو کھانا کھلانا، سوتیلی ماں کو سونے کی چوڑیاں پہنانے کے مترادف ہے۔‘‘ کے ٹی آر نے چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ کس کو اور کتنے لوگوں کو مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے؟گیاس سبسڈی کس کو دی جارہی ہے؟ کتنی خواتین کو ماہانہ 2,500 روپئے معاوضہ دیا جارہا ہے؟ کتنی لڑکیوں کو شادی میں ایک تولہ سونا بطور تحفہ دیا گیا؟ 7,500 روپئے ریتو بھروسہ کس کو دیا گیا؟ 4000 روپئے آسرا پینشن کا وعدہ آخر کب پورا ہوگا؟ طلبہ کو 5 لاکھ روپئے کا تعلیمی بھروسہ کہاں چلا گیا ؟ لڑکیوں کو الیکٹرک اسکوٹی دینے کا وعدہ کہاں گیا؟ تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدے ہی پورے نہیں ہوئے ، تو کیا دہلی کے عوام سے جو وعدے کئے جارہے ہیں، وہ پورے کئے جائیں گے۔ دہلی کے عوام کو اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔ 2